مہنگائی سے جلد کوئی راحت نہیں، پیاز 60 اور ٹماٹر 80 روپے کلو
آنے والے دنوں میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کوئی کمی کے امکان نہیں ہیں، اس کی وجہ دونوں کی خراب فصل اور زیادہ بارش بتائی جا رہی ہے
ملک اقتصادی مندی سے تو دو چار ہے ہی جس کی وجہ سے یا تو لوگوں کے روزگار جا رہے ہیں یا روزگار پر تلوار لٹکی ہوئی ہے، ساتھ میں مہنگائی بھی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی جس نے عام آدمی کا بجٹ بری طرح بگاڑ دیا ہے۔ دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں جہاں ٹماٹر کی قیمتوں نے خواتین کے چہروں کو لال کر دیا ہے وہیں پیاز کی قیمتیں ان کو خوب رلا رہی ہیں۔ ٹماٹرجو کچھ دن پہلے تک 30 سے 40 روپے فی کلو مل رہا تھا اس کی قیمت بڑھ کر 80 روپے ہو گئی ہے جبکہ پیاز کی قیمت بڑھ کر 60 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
پیاز جو بیچ میں 80 روپے فی کلو تک پہنچ کر اپنے معمول کے داموں پر آ گئی تھی اب پھر اس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ منڈی میں پیاز کی قیمت40 رپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں یہ 60 روپے فی کلو مل رہی ہے۔ واضح رہے منڈی میں پیاز کی آمد میں زبردست کمی آئی ہے اور اس کی بڑی وجہ لگاتار بارشوں سے فصل کا بڑے پیمانہ پر خراب ہونا ہے۔ جس تیزی کے ساتھ پیاز کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں خواتین اور ہوٹل مالکان نے اس کے استعمال میں کمی کر دی ہے۔
دوسری جانب ٹماٹر میں بہت تیزی آئی ہے اس نے تو پیاز کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ منڈی میں ٹماٹر 60 روپے فی کلو مل رہا ہے اور محلوں کی مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمت 80 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال ٹماٹر کی فصل پہلے سے ہی کم تھی اور بارش کی وجہ سے ٹماٹر کی فصل کافی خراب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمتیں لگاتار بڑھ رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 12 Oct 2019, 1:16 PM