اندریش کا حامد انصاری کو ملک چھوڑنے کا مشورہ



آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار/Getty Images
آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار/Getty Images
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک کے سابق نائب صدر کے لئے جن جملوں کا استعمال ہو رہا ہے وہ کسی بھی صورت زیب نہیں دیتا۔ انکی الوادعی تقریب میں ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اشاروں اشاروں میں ان پر کافی طنز کئے تھے لیکن کل جن الفاظ کا استعمال آر ایس ایس رہنما اور راشٹریہ مسلم منچ کے سرپرست اندریش کما ر نے کیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حامد انصاری کے ایک بیان کے بعد وہ بی جے پی اور سنگھ کے لئےکتنی قابل نفرت شخصیت بن گئے ہیں ۔ رکشا بندھن کی تقریب کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے اندریش کمار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’حامد انصاری دنیا کا ایک ملک بتائیں جہاں مسلمان محفوظ ہیں ۔ مجھے نہیں لگتا کہ انصاری کو تکلیف میں رہنا چاہئے اس لئے انہیں اس ملک چلا جانا چاہئے جہاں وہ خود کو محفوظ سمجھیں‘‘۔ کمار نےمزید کہا کہ ’’حامد انصاری دس سال سے سیکیو لر تھے ۔ اب وہ سخت گیر بنیاد پرست ہو گئے ہیں ۔ وہ پہلے بھارتئے تھے اب وہ فرقہ پرست ہو گئے ہیں ۔ پہلے وہ سب کے رہنما تھے لیکن اب وہ کانگریسی ہو گئے ہیں۔ گزشتہ دس سالوں سے انہوں نے خود کو کبھی غیر محفوظ نہیں محسوس کیا ‘‘۔واضح رہے سابق نائب صدر حامد انصاری نے راجیہ سبھا کو دئے گئے اپنے آخری انٹرویو میں کہا تھا کہ آ ج ہندوستانی مسلمانوں کے ذہنوں میں عدم تحفظ کا احساس گھر کر رہا ہے اور اس بیان کے بعد ہی حامد انصاری فرقہ پرست اور مسلمان ہو گئے۔جن جذبات کا اظہار اندریش کمار نے کیا ہے کچھ ایسے ہی جذبات کا اظہار وزیر اعظم نریندر مودی بھی حامد انصاری کی الوداعی تقریب میں کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا تھا ’’آپ کبھی کبھی بے چینی محسوس کرتے ہوں گے لیکن اب جب آپ آزاد ہیں آپ آزادی کے احساس سے خوشی محسوس کر یں گے اور آ پ کو اپنے بنیادی عقیدہ کی مناسبت سے سوچنے ، کام کرنے اور بات کرنے کا موقع ملے گا‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Aug 2017, 10:41 AM