اندرا گاندھی کی صد سالہ تقریب: ایک بہادر زندگی کو خراج عقیدت
اندرا گاندھی نے 1971 میں بنگلہ دیش کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے بینکوں کو قومی بنایا اور ملک کے خلائی اور جوہری پروگراموں کو سرعت دینے کا کام کیا۔
ہندوستان کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی صد سالہ تقریب کے موقع پر ملک بھر میں متعدد تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ 17 نومبر کو دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کے ذریعہ اندرا گاندھی میموریل کے زیر اہتمام منعقدہ ’اندرا ایک بہادر زندگی ‘ کے عنوان سے نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر شیلا دیکشت نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اندرا گاندھی کی زندگی ایک مثال ہے۔انہوں نے جرأت کے ساتھ بڑے فیصلے لئے۔ اندرا گاندھی کی پیدائش کے صد سالہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اندرا گاندھی میموریل ٹرسٹ نے ایک خصوصی تصویری نمائش منعقد کی گئی ہے ۔نمائش کو 21 نومبر کو 1 صفدر جنگ روڈ پر عوام کے لئے کھولا جائے گا جو 31 جنوری تک جاری رہے گی۔
دیپتی ششی دھرن اور پرمود کے جی کی طرف سے مشترکہ طور تیار کی گئی اس نمائش کے لئے آرکائیو میں موجود کئی تصاویر اور آرٹ ورک کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جن میں زیادہ تر کو اس سے قبل کبھی عوامی طور نمایاں نہیں کیا گیا ہے۔ نمائش میں ایک تجربہ کار اور قومی رہنما کے طور پر اندرا گاندھی کی تصاویر کے ساتھ ساتھ والد اور داد کے ساتھ ان کی بچپن کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
یہ تصاویر ہندوستانی سیاست اور خارجہ امور سے متعلقہ اندرا گاندھی کے تجربہ کو بھی نمایاں کرتی ہیں۔ ان کے سیاسی کیریر میں ایسے کئی واقعات شامل رہے جنہوں نے ہندوستانی اور عالمی سیاست کے کایاپلٹ میں کردار ادا کیا۔
دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ اور آئی جی ایم ٹی کی ٹرسٹی شیلا دیکشت نے اس موقع پر کہا ’’ نوجوان نسل ابھی تک اندرا گاندھی کے کاموں اور زندگی سے اچھی طرح واقف نہیں ہے۔ یہ نمائش ہمارے ملک کی عظیم رہنما اور شخصیت کی کاوشوں اور کاموں کے لئے وقف ہے۔ محترمہ گاندھی اس وقت بھی مثال تھیں اور مستقبل میں بھی مثال بنی رہیں گی۔ ‘‘
اس خصوصی تصویری نمائش کا مقصد نسل نو کے سامنے اندرا گاندھی کی وراثت کو پیش کرنا ہے۔
شاسترییہ رقص اور موسیقی کی دنیا کے نامور فنکار بھی ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کی 100 ویں سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔ اس پروگرام کا انعقاد کانگریس کی طرف سے ’اندرا پریہ درشنی‘ کے عنوان سے چانکیہ پوری کے نہرو پارک میں منعقد کیا جائے گا۔ ایک سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ اندرا گاندھی کا لگاؤ ہندوستان کی وسیع ثقافتی روایات اور رقص و موسیقی سے بھی تھا۔
کانگریس نے اپنے بیان میں کہا ’’ یہ اندرا گاندھی کی یاد میں اور ان کے تعاون کے لئے فن اور ثقافت کے ذریعے خراج عقیدت پیش کرنے کی کوشش ہے۔ اس پروگرام میں شاستریہ سنگیت اور رقص کی دنیا کےکے معروف نوجوان ہندوستانی فنکار اپنے جن کا مظاہرہ کریں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔