پانچ برسوں میں دنیا میں ہندوستان کی عزت میں اضافہ ہوا: مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ سے واپسی پر کہا ہے کہ پچھلے 5 برسوں کے دوران ہندوستان کی عزت دنیا کی نظر میں بڑھی ہے اور پوری دنیا ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کو ایک نئے تناظر میں دیکھنے لگی ہے
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ہفتہ کے دورہ امریکہ سے واپسی پر آج رات کہا ہے کہ پچھلے پانچ برسوں کے دوران ، ہندوستان کی عزت دنیا کی نظر میں بڑھی ہے اور پوری دنیا ہندوستان اور امریکہ کے درمیان بڑھنے والے تعلقات کو ایک نئے عالمی تناظر میں دیکھنے لگی ہے۔
امریکہ سے واپسی کے بعد مودی نے ہفتے کو یہاں پالم ٹیکنیکل ایریا ایئر فورس کے ہوائی اڈے کے باہر ان کے اعزاز کے لئے پہنچنے والے اپنے مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں ’ہاؤڈی مودی‘ پروگرام کے ذریعے دنیا میں ہندوستان کی طاقت کا پیغام پہونچا ہے، اس سے دنیا کا ہندوستان کے تئیں نظریہ بدلا ہے اور قبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کے احترام میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں حکومت بننے کے بعد وہ امریکہ گئے تھے اور اس وقت بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے اور اس بار بھی وہ انتخابات میں کامیابی کے بعد کانفرنس میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار انہوں نے دیکھا کہ دنیا میں ہندوستان کا زبردست احترام بڑھ گیا ہے۔ اس کی وجہ ہندوستان کے 130 کروڑ افراد ہیں جنہوں نے ایک مضبوط حکومت تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو دنیا میں جو اعزاز ملا ہے اس کا سہرا ساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہندوستانی اور ہندوستان کے سوا ارب لوگوں کے سر جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے تین سال قبل آج ہی دن ہونے والی سرجیکل اسٹرائک کو یاد کیا اور کہا ، ’’میں نے تین سال پہلے 28 ستمبر کو پوری رات نہیں سویا تھا۔ وہ ہر لمحہ بیدار رہاکہ ٹیلیفون کی گھنٹی کب بجے گی۔ وہ لمحہ ہندوستان کے بہادر جوانوں کی سنہری کہانی لکھنے والا تھا۔ آج سے تین سال قبل ، ہندوستان کے بہادر سپاہیوں نے پوری دنیا میں ہندوستان کی آن بان ، شان اور طاقت دیکھی تھی ۔ میں ان بہادر سپاہیوں کی بہادری کو سلام کرتا ہوں ۔
قبل ازیں پالم ٹیکنیکل ایریا ایئر پورٹ پر، مودی کا طیارہ تقریبا آٹھ بج کر پانچ منٹ پر رن وے پر اترا۔ بی جے پی کے ایگزیکٹو صدر جگت پرکاش نڈا ، بی جے پی کے نائب صدر شیام جاجو ، نیشنل سکریٹری ترون چگھ ، دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر منوج تیواری ، مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرشوردھن ، رکن پارلیمنٹ ہنسراج ہنس ، میناکشی لیکھی ، پریش ورما اور رمیش ودھووری ، دہلی اسمبلی میں حزب اختلاف قائد وجندر گپتا اور بی جے پی کے سابق صدر ستیش اپادھیائے نے ان کا استقبال کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔
پالم ٹیکنیکل ایریا کے باہر ، تھمیا روڈ پر پچیس ہزار سے زیادہ افراد سڑک کے دونوں کنارے ہاتھوں میں ترنگا لئے جمع تھے ۔ دہلی پولیس نے وزیر اعظم کی وطن واپسی کے راستے پر سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ نیم فوجی دستوں کی نو کمپنیاں تعینات ہیں۔ تمام ایجنسیوں کے ساتھ سیکیورٹی انتظامات چاق چوبند رہیں گے۔ قافلے کے راستے پر پڑنے والے مکانات کی چھتوں پر بھی فوجی تعینات تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Sep 2019, 7:10 AM