کورونا پر فتح کی سمت میں ہندوستان کا بڑا قدم، ایکسپرٹ کمیٹی نے ’کووی شیلڈ‘ کو دی منظوری
آکسفورڈ کی طرف سے تیار کیا گیا کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘ ایک دیسی ویکسین ہے، کیونکہ اسے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور ایسٹریجینکا ساتھ مل کر تیار کر رہی ہے۔
نئے سال میں ہندوستان کو ایک بڑی سوغات ’کووی شیلڈ‘ کی شکل میں مل گئی ہے۔ کورونا وبا پر فتح حاصل کرنے کی سمت میں یہ خبر انتہائی مسرت آمیز ہے کہ ایکسپرٹ کمیٹی نے آکسفورڈ کی طرف سے تیار کی گئی کورونا ویکسین یعنی ’کووی شیلڈ‘ کو ایمرجنسی استعمال کی اجازت دے دی ہے، اور اب اسے ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی سی جی آئی) کے پاس آخری منظوری کے لیے بھی بھیج دیا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ڈی سی جی آئی کے ذریعہ بھی اس ویکسین کو منظوری مل جائے گی، اور پھر ملک میں ویکسنیشن کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : 2020 میں دنیا کو الوداع کہنے والی بالی ووڈ کی 5 اہم ہستیاں
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ’کووی شیلڈ‘ ایک دیسی ویکسین ہے کیونکہ اسے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا اور ایسٹریجینکا ساتھ مل کر تیار کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ بھی ہندوستان میں کچھ دیگر کورونا ویکسین کو بنانے کا کام بھی جاری ہے اور جلد ہی وہ بھی ایکسپرٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہوگا۔ بتایا جا رہا ہے کہ بھارت بایوٹیک نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ساتھ مل کر جو ’کوویکسین‘ تیار کیا ہے، اس کا پریزنٹیشن بدھ کے روز پینل کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
بہر حال، ایکسپرٹ پینل کے ذریعہ منظوری حاصل کرنے والے کورونا ویکسین کے تعلق سے اچھی بات یہ ہے کہ سیرم انسٹی ٹیوٹ نے پہلے ہی اس کی خوراک بڑی مقدار میں تیار کر لی ہے۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ کے سی ای او سدر پوناوالا نے گزشتہ پیر کے روز ہی کہا تھا کہ ان کا منصوبہ مارچ تک 10 کروڑ خوراک تیار کرنے کا ہے۔ قابل غور ہے کہ حکومت چاہتی ہے اس مہینے سے ویکسنیشن کا کام شروع کر دیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ 2 جنوری کو سبھی ریاستوں میں ویکسنیشن کا ڈرائی رن کیے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔