مودی حکومت میں کئی محاذ پر ہندوستان کا عالمی رینکنگ میں ہوا زوال، آئیے ڈالتے ہیں سرسری نظر
ہیومن ڈیولپمنٹ انڈیکس 2021 نے واضح کر دیا ہے کہ ہندوستان انسانی ترقی کے معاملے میں دیگر ممالک کے مقابلے بہت پیچھے ہے۔
ہندوستان اس وقت معاشی بحران کے دور سے گزر رہا ہے اور عوام کی حالت انتہائی خستہ ہے۔ مرکز کی مودی حکومت بھلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کو ایشو نہیں مانتی، لیکن ہیومن ڈیولپمنٹ انڈیکس 2021 نے واضح کر دیا ہے کہ ہندوستان انسانی ترقی کے معاملے میں دیگر ممالک کے مقابلے بہت پیچھے ہے۔ لیکن صرف اسی محاذ پر نہیں بلکہ کچھ دیگر محاذ پر بھی عالمی رینکنگ میں ہندوستان کا مقام فکر انگیز ہے۔ آئیے ڈالتے ہیں کچھ ایسے ہی عالمی انڈیکس پر نظر۔
ہیومن ڈیولپمنٹ انڈیکس 2021:
اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تحت 2021 کی 191 ممالک کے ہیومن ڈیولپمنٹ انڈیکس کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں ہندوستان 132ویں مقام پر ہے۔ اس سے پہلے 2020 میں ہندوستان اس معاملے میں 131ویں مقام پر تھا، لیکن اس وقت یہ رینکنگ 189 ممالک پر مبنی تھی۔ موجودہ لسٹ میں ہندوستان کا ایچ ڈی آئی 0.6333 ہے۔ اس پیمانہ کے مطابق ہندوستان مڈل ہیومن ڈیولپمنٹ کے درجہ میں ہے۔ یہ ایچ ڈی آئی 2020 کی رپورٹ میں 0.645 تھی۔ اس انڈیکس میں نیپال اور پاکستان کو چھوڑ کر ہندوستان باقی پڑوسی ممالک سے پیچھے چلا گیا ہے۔ سری لنکا 73ویں، چین 79ویں، بھوٹان 127ویں اور بنگلہ دیش 129ویں مقام پر ہے۔ نیپال 143ویں اور پاکستان 161ویں مقام پر ہے۔
عالمی پریس آزادی انڈیکس:
رواں سال مئی میں عالمی پریس آزادی انڈیکس کی رپورٹ جاری کی گئی تھی۔ اس انڈیکس میں ہندوستان کی رینکنگ 142ویں مقام سے پھسل کر 150ویں نمبر پر پہنچ گئی تھی۔ رپورٹرس وِداؤٹ بارڈرس نامی ادارہ نے یہ رپورٹ جاری کی تھی جس میں نیپال کو چھوڑ کر ہندوستان کے باقی پڑوسی ممالک کی رینکنگ میں گراوٹ دیکھی گئی تھی۔ مجموعی طور پر 180 ممالک کی رینکنگ میں پاکستان 157ویں، سری لنکا 146ویں، بنگلہ دیش 162ویں اور میانمار 176ویں مقام پر رہا تھا۔ نیپال کی حالت کافی بہتر بتائی گئی تھی جو 76ویں مقام پر تھا۔
عالمی بھکمری انڈیکس:
2021 کے عالمی بھکمری انڈیکس میں 116 ممالک کو شامل کیا گیا تھا۔ اس میں ہندوستان نے 101واں مقام حاصل کیا۔ یہ رپورٹ گزشتہ سال اکتوبر میں جاری کی گئی تھی۔ رپورٹ میں پڑوسی ممالک پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال ہندوستان سے آگے بتائے گئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ 2020 میں عالمی بھکمری انڈیکس میں ہندوستان 107 ممالک میں 94ویں مقام پر رہا تھا۔
جمہوریت انڈیکس:
برطانیہ کے اکونومسٹ انٹلیجنس یونٹ نے 2020 کے جمہوریت انڈیکس کی عالمی رینکنگ میں ہندوستان کو 53ویں مقام پر رکھا تھا۔ 2019 میں ہندوستان 51ویں مقام پر تھا۔ ہندوستان بیشتر پڑوسی ممالک کے مقابلے فہرست میں اوپر بتایا گیا تھا۔ اس فہرست میں سری لنکا 68ویں، بنگلہ دیش 76ویں، بھوٹان 84ویں اور پاکستان 105ویں مقام پر رہا تھا۔ اگر سرفہرست پانچ ممالک کی بات کی جائے تو اس میں ناروے، آئسلینڈ، سویڈن، نیوزی لینڈ اور کناڈا کا نام شامل تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔