مہاراشٹر کے عوام کو انڈیا اتحاد کی پانچ ضمانتیں، راہل گاندھی کا فلاحی اقدامات سے خوشحال زندگی کا وعدہ
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے مہاراشٹر میں انڈیا اتحاد کی جانب سے پانچ اہم ضمانتوں کا اعلان کیا، جس میں خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کے لیے مالی امداد، مفت صحت انشورنس اور روزگار کے مواقع شامل ہیں
ممبئی: کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے مہاراشٹر میں انڈیا اتحاد کی طرف سے پانچ اہم فلاحی گارنٹیوں کا اعلان کیا، جس کے تحت خواتین، کسانوں، نوجوانوں اور مختلف معاشرتی طبقات کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی نے کانگریس کی عوامی فلاحی اسکیموں کو ’مفت کی ریوڑیاں‘ کہہ کر بدنام کرنے کی کوشش کی تھی لیکن آج وہ انہی اسکیموں کو اپنانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ مہاراشٹر میں انڈیا اتحاد کے یہ پانچ وعدے لوگوں کو انصاف اور خودمختاری کی راہ پر چلنے میں مدد دیں گے۔ یہ پانچ گارنٹیاں ہیں:
1. مہالکشمی: خواتین کو 3000 روپے ماہانہ اور مفت بس سفری سہولت
2. سماج میں برابری کی ضمانت: ذات شماری اور 50 فیصد ریزرویشن حد کا خاتمہ
3. خاندانی تحفظ: 25 لاکھ روپے تک صحت بیمہ اور مفت ادویات
4. زرعی خوشحالی: 3 لاکھ روپے تک کے زرعی قرض معاف اور وقت پر ادائیگی پر 50000 روپے کا انعام
5. نوجوانوں کے لیے مدد: بے روزگار نوجوانوں کو 4000 روپے ماہانہ امداد
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے مہاراشٹر کے لوگوں کو بی جے پی کی پیدا کردہ مہنگائی اور بے روزگاری سے نمٹنے کی طاقت ملے گی۔ ان کے بقول، کرناٹک میں کانگریس کی فلاحی اسکیموں نے خواتین، نوجوانوں، اور کسانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب ان اسکیموں کا دائرہ مہاراشٹر میں بھی بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انڈیا اتحاد کی یہ پانچ گارنٹیاں بی جے پی کی ناانصافیوں سے مہاراشٹر کے عوام کو آزاد کرائیں گی اور انہیں عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع دیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔