ہندوستان کی بائیو ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت میں 8 سال کے دوران 8 گنا اضافہ: وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کی بائیو ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت 8 سال میں 8 گنا بڑھ کر 80 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور ملک اس شعبے میں سرفہرست 10 ممالک کی صف میں شامل ہونے جا رہا ہے

وزیر اعظم نریندر مودی / ویڈیو گریب
وزیر اعظم نریندر مودی / ویڈیو گریب
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جمعرات کو کہا کہ ہندوستان کی بائیو ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت آٹھ سال میں آٹھ گنا بڑھ کر 80 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور ملک اس شعبے میں پہلے دس ممالک کی صف میں شامل ہونے جا رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے یہ بیان پرگتی میدان میں بائیوٹیک اسٹارٹ اپ ایکسپو 2022 کا افتتاح کرتے وقت دیا۔ اس ایکسپو کا مقصد اس علاقے میں خودکفیل ہندوستان مشن کو تقویت پہنچانا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان میں 2014 میں جہاں صرف چھ بائیو انکیوبیٹر تھے، آج ان کی تعداد بڑھ کر 75 ہو گئی ہے۔ دریں اثنا بائیو ٹیکنالوجی مصنوعات کی تعداد دس سے بڑھ کر سات سو سے زائد ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کے بائیو ٹکنالوجی کے شعبے میں انجینئروں اور ماہرین کی دنیا میں اہمیت اسی طرح ہوگئی ہے جس طرح ہمارے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے پیشہ ور افراد کی ہے۔


وزیر اعظم نے کہا، "گزشتہ آٹھ برسوں میں ہندوستان کی بایو اکنامی میں آٹھ گنا اضافہ ہواہے۔ دس ارب ڈالر سے بڑھ کر ہم 80 ارب ڈالر تک جا چکے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا، "بائیو ٹکنالوجی کے میدان میں عالمی ماحولیاتی نظام کے لحاظ سے ہندوستان ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہونے سے اب زیادہ دور نہیں ہے۔"

وزیر اعظم مودی نے بائیو ٹکنالوجی کے میدان میں ملک کی کامیابیوں کو شمار کرتے ہوئے بائیو ایندھن کی ترقی کا خاص طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہا ’’حال ہی میں ہم نے پٹرول میں ایتھنول کی 10 فیصد بلینڈنگ یا ملاوٹ کا ہدف حاصل کیا ہے۔ ہندوستان نے 20 فیصد ایتھنول پٹرول کے ہدف کو حاصل کرنے کی مقررہ حد 2030 سے 5 سال کم کر کے ​​2025 کر لی ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ ان تمام کوششوں سے بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔


وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ہم نے اٹل انوویشن مشن، میک ان انڈیا، خودکفیل ہندوستان مہم کے تحت جو بھی اقدامات کئے ہیں، ان کا بھی فائدہ بائیو ٹکنالوجی کے شعبے کو حاصل ہوا ہے۔ اسٹارٹ اپ انڈیا کے آغاز کے بعد سے بائیوٹیک اسٹارٹ اپ یونٹس میں سرمایہ کاری کرنے والے لوگوں کی تعداد میں 9 گنا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’گزشتہ 8 برسوں میں ہمارے ملک میں اسٹارٹ اپس کی تعداد کچھ ایک سو سے بڑھ کر 70 ہزار ہو گئی ہے۔ یہ 70 ہزار اسٹارٹ اپ تقریباً 60 مختلف صنعتی شعبوں میں بنائے گئے ہیں۔ ان میں بھی 50 ہزار سے زائد اسٹارٹ اپ بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔