چھٹیوں سے محروم رہنے کے معاملے میں ہندوستانی ملازمین دنیا میں سرفہرست: سروے
سروے کے مطابق تقریباً 53 فیصد ہندوستانیوں کو چھٹیوں کے کم دن ملتے ہیں اور قریب 35 فیصد ہندوستانیوں کو چھٹیاں ملتی ہی نہیں کیونکہ ان کا کام اس کی اجازت نہیں دیتا۔
ایک سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ہندوستانی ملازمین دنیا میں سب سے زیادہ چھٹیوں سے محروم رہ جاتے ہیں اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔ ہندوستان کے بعد چھٹیوں سے محروم رہنے کے معاملے میں جنوبی کوریا اور ہانگ کانگ کے ملازمین کا نمبر آتا ہے۔ یہ سروے ایکسپیڈیا کے ذریعہ کرایا گیا ہے جس میں ہندوستان سمیت دنیا کے دیگر 19 ممالک کو شامل کیا گیا ہے۔ اس سروے کے ذریعہ یہ جاننے کی کوشش کی گئی تھی کہ ان ممالک کے ملازمین کس طرح اپنی چھٹیوں سے محروم رہ جاتے ہیں اور اگر چھٹیاں ملتی ہیں تو وہ کس طرح اسے گزارتے ہیں۔ سروے میں یہ بھی جاننے کی کوشش کی گئی تھی کہ چھٹی ملنے پر وہ کیا کرنا پسند کرتے ہیں اور چھٹیاں لیتے وقت وہ کسی احساس جرم میں گرفتار محسوس تو نہیں کرتے۔
رواں سال ایکسپیڈیا کے ذریعہ کرائے گئے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ چھٹیوں سے محروم ملازمین والا ملک ہے کیونکہ زیادہ سے زیادہ ہندوستانی چھٹیوں کی کمی محسوس کرتے ہیں اور اس کے بعد جنوبی کوریا و ہانگ کانگ کے باشندے ہیں جو چھٹیوں سے محروم ہیں۔ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 53 فیصد ہندوستانیوں کو چھٹیوں کے کم دن ملتے ہیں اور قریب 35 فیصد ہندوستانیوں کو چھٹیاں ملتی ہی نہیں کیونکہ ان کا کام اس کی اجازت نہیں دیتا، یا پھر ان کی جگہ ان کا کام کرنے کے لیے متبادل ملازمین نہیں ہیں۔ اس سال 68 فیصد لوگوں نے کام کی وجہ سے اپنی چھٹیاں رَد کر دیں۔ رپورٹ کے مطابق 19 فیصد ہندوستانیوں نے اپنی چھٹیاں اس لیے رَد کر دیں کیونکہ انھیں لگا کہ اس سے وہ اپنے کام کے تئیں کم پرعزم نظر آئیں گے۔ ساتھ ہی 25 فیصد کو خوف تھا کہ چھٹیوں کی وجہ سے دفاتر میں اہم فیصلوں میں شامل ہونے سے وہ محروم نہ رہ جائیں۔ حیرانی والی بات یہ ہے کہ 18 فیصد لوگوں کا یہ ماننا تھا کہ کامیاب لوگ چھٹیاں نہیں لیتے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Nov 2018, 1:09 PM