بڑھتی مہنگائی کے خلاف دہلی کی سڑکوں پر انڈین یوتھ کانگریس کا شدید مظاہرہ

انڈین یوتھ کانگریس نے ہفتہ کے روز بڑھتی مہنگائی کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا، یوتھ کارکنان نے ہاتھوں میں سلنڈر کے پوسٹر لے کر پٹرولیم وزیر ہردیپ سنگھ پوری کی رہائش کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

انڈین یوتھ کانگریس نے ہفتہ کے روز بڑھتی مہنگائی کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔ یوتھ کارکنان نے ہاتھوں میں سلنڈر کے پوسٹر لے کر پٹرولیم وزیر ہردیپ سنگھ پوری کی رہائش کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس احتجاجی مظاہرہ کو دیکھ کر دہلی پولیس نے جگہ جگہ پر بیریکیڈ لگائے اور کارکنان کو روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر شرینواس بی وی نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل، گیس سلنڈر کی قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ بی جے پی کی جیت کے ساتھ مودی جی کے ذریعہ لائے ’مہنگے دن‘ واپس آ گئے۔ انتخابات تک قلیل مدتی خاموشی تھی، بی جے پی کو جیت کا آرام ملتے ہی پھر مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے خاتون کارکنان نے بتایا کہ پٹرول، ڈیزل اور گیس سلنڈر کے نام پر ہونے والی سرکاری لوٹ ہر حال میں بند ہونی چاہیے۔ ملکی باشندے پہلے سے ہی ہزاروں مسائل سے نبرد آزما ہیں۔ ایسے میں راحت دینے کی جگہ حکومت کو مہنگائی کی چکی میں پھنسا کر پیس رہی ہے۔ ’چناؤ جیوی سرکار‘ کو شرم آنی چاہیے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد ان کی سوچ پوری طرح سے بدل گئی ہے۔ اب تیل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ بھی انھیں پریشان نہیں کرتی ہے۔ عام آدمی کی زندگی مہنگائی کے دلدل میں پھنس کر لگاتار مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ عوام کو تو فرق پڑ رہا ہے، لیکن بی جے پی کو نہیں۔


دراصل پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے لوگوں کی جیب پر اب بوجھ بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔ دہلی این سی آر میں جمعہ کو ایک بار پھر پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اس کے تحت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے کا اضافہ کیا ہے۔ دہلی میں پٹرول 97.71 روپے اور ڈیزل 89.07 روپے فی لیٹر ملے گا۔ واضح رہے کہ ہر صبح چھ بجے تیل کمپنیاں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی و اضافہ کا کا اعلان کرتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔