ٹرینوں میں اب سر کی چمپی اور تیل مالش کی سہولت!
انڈین ریلوے نے اپنے مسافروں کے لئے چلتی ٹرین میں سروں کی چمپی اور پیروں کی تیل مالش کی سہولت شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نئی دہلی: انڈین ریلوے نے اپنے مسافروں کے لئے چلتی ٹرین میں سروں کی چمپی اور پیر کی تیل مالش کی سہولت شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مغربی ریلوے کے رتلام ڈویژن نے اندور سے شروع ہونے والی 39 ٹرینوں میں مالش کی سہولت شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں مالوہ ایکسپریس، نئی دہلی انٹرسٹی ایکسپریس، اہلیہ نگر ایکسپریس، اونتی ایکسپریس، شکشپرا ایکسپریس، نرمدا ایکسپریس، پینچ ویلی ایکسپریس، اجینی ایکسپریس وغیرہ شامل ہیں۔
ریلوے کے ذرائع کے مطابق رتلام ڈویژن نے جمعہ کو اس طرح کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہر گاڑی میں تین سے پانچ ٹرینڈ مساجر یعنی مالش کرنے والے تعینات رہیں گے۔ صبح چھ بجے سے رات 10 بجے کے درمیان مسافروں کے مطالبہ پر ان کی سیٹ پر جاکر سر کی چمپی کریں گے اور پیروں کی تیل مالش کریں گے۔
سر اور پیر کی مالش کے لئے گولڈ اسکیم میں سو روپے، ڈئمنڈ اسکیم میں دو سو روپے اور پلیٹینم اسکیم میں تین روپے کی شرح متعین کی گئی ہیں۔ گولڈ اسکیم میں مالش کرنے والا 15 سے 20 منٹ تک زیتون یا کم چپکنے والے تیل سے مالش کرے گا جبکہ ڈیمانڈ اور پلاٹینم اسکیموں میں تیل کے ساتھ کریم اور وائپس کے ساتھ مالش کی جائے گی۔ ٹرین کے ہر کوچ میں اسٹیکر لگا کر مساجر کے فون نمبر دیئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ خدمات 15 سے 20 دنوں کے اندر شروع ہو جائے گی۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو ملک کے دیگر حصوں کی ٹرینوں میں بھی یہ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 Jun 2019, 6:10 PM