نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کے استعفی کے اعلان پر جے رام رمیش کا رد عمل- ’ہندوستانی سیاست کو جیسنڈا آرڈرن جیسی شخصیات کی ضرورت‘
جیسنڈا آرڈرن کے فیصلے پر کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ ہندوستانی سیاست کو جیسنڈا جیسی شخصیات کی ضرورت ہے۔
نئی دہلی: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے اور وہ آئندہ ماہ وزارت عظمیٰ کی کرسی سے دستبردار ہو جائیں گی۔ جیسنڈا کے فیصلے پر کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ ہندوستانی سیاست کو جیسنڈا جیسی شخصیات کی ضرورت ہے۔
جے رام رمیش نے ٹوئٹ کیا ’’لیجنڈ کرکٹ کمنٹیٹر وجے مرچنٹ نے اپنے کیریئر کے عروج پر ریٹائرمنٹ کے بارے میں ایک بار کہا تھا کہ اس وقت چلے جاؤ جب یہ پوچھا جائے کہ کیوں جا رہے ہو؟ نہ کہ اس وقت جب کہا جائے کہ کیوں نہیں جا رہے؟ کیوی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ وہ مرچنٹ کی طرح عہدہ چھوڑ رہی ہیں۔ ہندوستانی سیاست کو ان جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔‘‘
خیال رہے کہ جیسنڈا آرڈرن نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے جا رہی ہیں، تاہم وہ عام انتخابات تک رکن اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہیں گی۔ جیسنڈا نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا۔ اس دوران وہ جذباتی ہو گئیں۔ جیسنڈا نے کہا کہ 7 فروری بطور وزیر اعظم ان کا آخری دن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ چھ سال اقتدار میں رہنے کے بعد اگلے ماہ اقتدار چھوڑ دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے پاس قیادت کرنے کے لیے کچھ خاص نہیں بچا ہے۔ 42 سالہ آرڈرن جب 2017 میں وزیر اعظم منتخب ہوئی تھیں تو وہ دنیا کی سب سے کم عمر خاتون سربراہ ملک بنی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔