ہندوستانی فوجی کیمپ پر پاکستان کی نگاہ! 2 مشتبہ افراد گرفتار، ہائی الرٹ
پٹھان کوٹ میں 2 مشتبہ نوجوانوں کو پاکستان ویڈیو بھیجنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی دہشت گردانہ واقعات کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے جموں کے سبھی فوجی ٹھکانوں پر ہائی الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
پٹھان کوٹ میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان دونوں مشتبہ افراد کی گرفتاری پٹھان کوٹ کا ویڈیو بنا کر پاکستان بھیجنے کے الزام میں ہوئی ہے۔ دراصل دو دن پہلے ہی سیکورٹی ایجنسیوں نے خفیہ رپورٹ کی بنیاد پر پٹھان کوٹ میں ہائی الرٹ جاری کیا تھا۔ بتایا جا رہا تھا کہ یہاں دہشت گرد کوئی بڑی سازش کو انجام دینے کی فراق میں لگے ہوئے ہیں۔
خبروں کے مطابق دونوں مشتبہ افراد کو آج صبح ملٹری اسٹیشن کے پاس کچھ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ شبہ ہونے پر ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی جس کے بعد جوانوں نے انھیں اپنی حراست میں لے لیا۔ جانچ کے دوران ان مشتبہ افراد کے پاس سے موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ فون کی جانچ کرنے پر اس میں ملٹری اسٹیشن کا ویڈیو پایا گیا جسے پاکستانی نمبروں پر بھیجا گیا تھا۔
معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے سبھی فوجی ٹھکانوں پر 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دونوں نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد مقامی پولس اور خفیہ ایجنسیاں جانچ میں مصروف ہو گئی ہیں۔ حراست میں لیے گئے دونوں نوجوان سے لگاتار پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پٹھان کوٹ سٹی اور کینٹ ریلوے اسٹیشن کو 27 مئی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس کے بعد انتظامیہ اور خفیہ ایجنسیاں حرکت میں آئیں اور پورے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 May 2019, 2:10 PM