ہندوستانی صنعت کار بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری کریں: پیوش گوئل

مرکزی وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل نے جمعہ کے روز ہندوستانی صنعتکاروں سے بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی میں اضافہ ہوگا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل نے جمعہ کے روز ہندوستانی صنعتکاروں سے بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔

پیوش گوئل نے یہاں ’انڈیا بنگلہ دیش بزنس فورم‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی حریف نہیں بلکہ اتحادی ہیں اور دونوں کو اپنے لوگوں کے مدنظر ایک دوسرے کی خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہیے۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ بھی موجود تھیں۔


مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستانی تاجروں کو بنگلہ دیش کی ترقی کی کہانی میں شراکت دار بننا چاہیے اور انفراسٹرکچر ، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ بنگلہ دیش میں ترقی کی بڑی صلاحیت ہے اور ہندوستانی سرمایہ کاری میں اضافہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی توازن کے مسئلہ کو حل کرے گا۔

وزیر ریلوے پیوش گوئل نے حسینہ کو یقین دلایا کہ ہندوستان ریلوے کے شعبے کی ترقی میں بنگلہ دیش کے ساتھ ہمیشہ ساتھ ہے۔ دونوں ممالک کے مابین باہمی رابطوں میں شمال مشرق میں تجارت اور نقل و حمل میں آسانی ہوگی۔


ہندوستانی تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے بنگلا دیش کی وزیر اعظم حسینہ نے کہا کہ بنگلہ دیش نے ہندوستانی تاجروں کے لئے تین خصوصی اقتصادی زون قائم کیے ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافہ ہوگا۔ بزنس فورم کے اجلاس کے دوران اسٹارٹ اپ بنگلہ دیش اور ٹیک مہندرا اور بنگلہ دیش اکنامک زون اتھارٹی اور اڈانی پورٹس نے بھی دو معاہدوں پر دستخط کیے۔

بنگلہ دیش جنوبی ایشیاء میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان نے مالی سال 2018-19 میں بنگلہ دیش کو 9.21 بلین ڈالر کی برآمد کی جبکہ اسی مدت میں درآمدات 1.22 بلین ڈالر رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Oct 2019, 5:38 PM