گلگت بلتستان ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے، پاکستان غیرقانونی قبضہ فوری طورہٹائے: ہندوستان
حکومت پاکستان کو غیر قانونی طور پر زبردستی قبضہ کئے گئے علاقوں پر کوئی اختیار نہیں ہے اور پاکستان کی اس طرح کی کوششیں اس کے غیر قانونی قبضے کو چھپانے کی منشا سے کی جارہی ہیں۔
ہندوستان نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے اعلان کی سخت مخالفت کرتے ہوئے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے پورے مقبوضہ علاقے کو فوری طور پر خالی کر کے ہندوستان کے حوالے کرے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے پاکستانی وزیر اعظم کےگلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دینے کے تعلق سے میڈیا کی جانب سے ردِ عمل جاننے پر کہا ’’ ہندوستان کی حکومت پاکستان کے جبری اور غیر قانونی طور پرقبضہ کئے گئے علاقے کی سابق صورتحال کو تبدیل کرنے کی کوشش کو سختی سے مسترد کرتا ہے‘‘ ۔
انہوں نے دوہرایا کہ گلگت بلتستان سمیت ریاست جموں و کشمیر اور لداخ کا پورا علاقہ 1947 کے جموں و کشمیر کے ہندوستان میں مکمل قانونی اورناقابل تغیر الحاق کے بعد ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ حکومت پاکستان کو غیر قانونی طور پر زبردستی قبضہ کئے گئے علاقوں پر کوئی اختیار نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی اس طرح کی کوششیں اس کے غیر قانونی قبضے کو چھپانے کی منشا سے کی جارہی ہیں۔ پاکستان اس خطے کے لوگوں کے انسانی حقوق کی کئی دہائیوں سے پامالی ، استحصال اور ان کی آزادی کی خلاف ورزیوں کو چھپا نہیں سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ’’ ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان غیر قانونی مقبوضہ ہندوستانی علاقوں کی سابق صورتحال کو تبدیل کرنے کی بجائے فوری طور پر قبضہ ہٹا کر اسے ہندوستان کے حوالے کریے ‘‘ ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔