روس یوکرین جنگ میں دو ہندوستانی شہریوں کی موت، وزارت خارجہ نے لئے سخت فیصلے
ہندوستانی وزارت خارجہ نے روس یوکرین جنگ میں دو ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستانیوں کی بھرتی پر فوری پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
روسی فوج میں بھرتی ہونے والے دو ہندوستانی شہری یوکرین کے ساتھ جاری جنگ میں ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے سخت موقف اختیار کیا ہے ۔ موت کی تصدیق کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے کہا کہ حکومت نے یہ معاملہ روس کے ساتھ اٹھایا ہے اور روسی فوج سے ہندوستانی شہریوں کی بھرتی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہندوستان نے کہا ہے کہ روسی فوج میں بھرتی تمام ہندوستانیوں کو فوری طور پر واپس آنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ اس کے علاوہ وزارت نے روس میں کام کرنے والے شہریوں سے محتاط رہنے کو کہا ہے۔
ماسکو میں ہندوستانی سفارتخانے نے روس سے ہندوستانی شہریوں کی واپسی کے حوالے سے دہلی میں روسی سفارت خانے اور روسی حکام کے ساتھ یہ معاملہ سختی سے اٹھایا ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی ہے۔ ہندوستان نے روس سے کہا ہے کہ وہ روسی فوج میں ہندوستانی شہریوں کی کسی بھی قسم کی بھرتی پر پابندی عائد کرے۔ ایسی سرگرمیاں ہماری آپسی ساجھیداری کے مطابق نہیں ہیں۔
درحقیقت یوکرین کے ساتھ جاری جنگ میں بڑی تعداد میں روسی فوجیوں کی ہلاکت سے پریشان روس غیر ملکی شہریوں کو فوج میں بھرتی کر رہا ہے۔ ہندوستانی شہریوں کے علاوہ نیپالیوں کی ایک بڑی تعداد بھی روسی فوج میں کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ افریقی ممالک اور مشرقی ایشیائی ممالک کے شہری بھی روسی فوج میں شامل ہیں۔ روسی فوج میں غیر ملکی شہریوں کو بڑی ذمہ داریاں نہیں دی گئی ہیں۔ ان کا کام روسی فوج کے ساتھ فرنٹ لائنز پر لڑنا اور سپلائی چین کو برقرار رکھنا ہے۔ اس دوران روسی شہریوں کے ساتھ غیر ملکی شہری بھی مر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت کی خبریں آتی رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔