ہندوستانی گیندباز محمد سمیع کو مل سکتا ہے ’ارجن ایوارڈ‘، بی سی سی آئی نے حکومت سے کی گزارش
ارجن ایوارڈ کے لیے محمد سمیع کا نام فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تھا، عالمی کپ میں ان کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بی سی سی آئی نے وزارت کھیل سے خصوصی گزارش کر ان کا نام لسٹ میں جڑوایا۔
عالمی کپ 2023 میں اپنی خطرناک گیندبازی سے ہر کسی کو دیوانہ بنانے والے محمد سمیع کو ارجن ایوارڈ سے سرفراز کیا جا سکتا ہے۔ محمد سمی کی کارکردگی ہندوستانی زمین پر کھیلے گئے عالمی کپ میں لاجواب رہی تھی اور انھوں نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ اپنے نام کیے تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ارجن ایوارڈ کے لیے محمد سمیع کا نام پہلے فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ لیکن عالمی کپ میں ان کی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بی سی سی آئی نے وزارت کھیل سے خصوصی گزارش کرتے ہوئے ان کا نام اس فہرست میں جڑوا دیا۔ اگر محمد سمیع کو ارجن ایوارڈ دیا جاتا ہے تو یہ ان کے لیے ایک بہت بڑی بات ہوگی۔
واضح رہے کہ ارجن ایوارڈ ملک کا دوسرا سب سے باوقار کھیل ایوارڈ ہے۔ محمد سمیع کی کارکردگی پورے عالمی کپ 2023 میں شاندار رہی تھی اور انھوں نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف تو 7 وکٹ اپنے نام کیے تھے۔ انھوں نے عالمی کپ 2023 میں کھیلے گئے 7 میچوں میں 24 وکٹ اپنے نام کیے تھے۔ ہندوستانی تیز گیندباز نے 12.06 کی اوسط سے محمد سمیع نے وکٹ لیے تھے اور ان کا اکونومی بھی محض 5.68 کا رہا تھا۔ غور طلب بات یہ ہے کہ شروعاتی 4 میچوں میں محمد سمیع پلیئنگ الیون کا حصہ بھی نہیں تھے۔ پھر جب ایک بار وہ ٹیم میں شامل ہوئے اور نیوزی لینڈ کے خلاف 5 وکٹ لیے تو پھر انھوں نے پلیئنگ الیون میں اپنی جگہ پختہ کر لی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔