پنجاب: فضائیہ کے ’اپاچے ہیلی کاپٹر‘ کی کھیت میں ’ایمرجنسی لینڈنگ‘، دونوں پائلٹ محفوظ
ہندوستانی فضائیہ کے اپاچے ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی آنے کے بعد پنجاب کے ہوشیار پور ضلع کے حاجی پور بلاک میں اس کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ محفوظ ہیں
ہوشیار پور: ہندوستانی فضائیہ کے ایک ہیلی کاپٹر اپاچے کے پنجاب کے ہوشیار پور میں لینڈنگ کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ یہ ایک ایمرجنسی لینڈنگ تھی جسے کھیتوں میں انجام دیا گیا۔ ہیلی کاپٹر نے پٹھان کوٹ ایئر بیس سے ٹیک آف کیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس واقعہ میں ہیلی کاپٹر کو محفوظ اتارلیا گیا اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ ہیلی کاپٹر نے پٹھان کوٹ فوجی اڈے سے پرواز کی تھئ لیکن تکنیکی خرابی آنے کے بعد گاؤں کے کھیتوں میں اس کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پٹھان کوٹ فوجی اڈے کے افسران کو اس بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے کنٹرول پینل سے جڑی ایک وارننگ جاری کی گئی تھی، اس کے بعد ہیلی کاپٹر کو لینڈ کرایا گیا۔ واقعہ میں پائلٹ پوری طرح سے محفوظ ہیں۔ ایئرفورس ہیلی کاپٹر کو چیک کرے گی اور پھر اسے واپس پٹھانکورٹ ایئربیس لے جایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اپاچے ہیلی کاپٹر کو گذشتہ سال ہی آئی اے ایف میں شامل کیا گیا تھا اور اسے امریکی کمپنی بوئنگ نے تیار کیا ہے۔ اسے ’اپاچے گارڈین ہیلی کاپٹر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ ایک جدید اور ہر موسم میں حملہ کرنے والا ہیلی کاپٹر ہے جو زمین پر اور ہوا میں بھی دشمنوں پر حملہ کرنے کے لئے استعمال ہو سکتا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر درختوں اور پہاڑوں کے درمیان بھی پرواز کرتے ہوئے دشمن کو تباہ کر سکتا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کے روز ہنڈن ایئر بیس موہن نگر سے چنڈی گڑھ کے لئے اڑان بھرنے والے ایئر فورس کے چیتا ہیلی کاپٹر کو بھی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایسٹرن پیری فیرل ہائی وے پر ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی تھی۔ اس میں کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔