کیوں روٹھ گیا مانسون! 100 سال میں 5ویں بار اس قدر خشک رہا جون
جولائی میں کم دباؤ کی حالت کے سبب مانسون بہتر ہو سکتا ہے۔ خریف کی فصل کی بوائی کے لیے جولائی کا مہینہ سب سے اہم ہوتا ہے اور اسے مانسون کا سب سے زیادہ بارش والا مہینہ مانا جاتا ہے۔
اس سال کی گرمی نے سبھی کو بے حال کر کے رکھ دیا ہے۔ جون کے مہینے میں خصوصی طور پر دہلی انتہائی گرم اور خشک رہا۔ مانسون کی کوئی خبر نہیں ہے۔ پورے ملک میں جون کے مہینے میں بارش اوسط سے تقریباً 35 فیصد کم رہی۔ جون کا مہینہ بس ختم ہونے ہی والا ہے اور اس بات کی امید بھی نہیں ہے کہ بارش کی یہ کمی ایک دو دن میں پوری ہو پائے گی۔ عموماً جون مہینے میں 151 ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن اس مہینے اب تک محض 98 ملی میٹر ہی بارش ہوئی۔
ایسا لگتا ہے جیسے مانسون روٹھ سا گیا ہے۔ 1920 کے بعد دیکھا جائے تو چار سال انتہائی خشک اور گرم گزرے ہیں، اور 2019 کا جون اس لحاظ سے پانچواں موقع ہے جب خشک سالی پھیلی ہوئی ہے اور مانسون کا لوگ بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ماضی پر نظر ڈالیں تو 2009 میں سب سے کم 85.7 ملی میٹر، 2014 میں 95.4 ملی میٹر، 1926 میں 98.7 ملی میٹر اور 1923 میں 102 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ 2009 اور 2014 دونوں ہی سال ایسے تھے جب مانسون النینو کے اثر سے کمزور ہوا تھا۔ اس سال بھی کچھ ایسی ہی حالت معلوم پڑ رہی ہے۔
دراصل النینو کے اثر کی وجہ سے مشرقی اور وسطی بحر اوقیانوس کی سطح میں غیر معمولی طور سے گرمی کی حالت دیکھنے کو ملتی ہے۔ اس سے ہواؤ کا چلنا متاثر ہوتا ہے اور یہ ہندوستانی مانسون پر بے حد منفی اثر ڈالتا ہے۔ اس سال ماہرین موسمیات نے پہلے ہی النینو کے دیر سے سرگرم ہونے اور کمزور رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔ حالانکہ گزشتہ ہفتہ حالت میں کچھ بہتری ہوئی اور مراٹھواڑا اور وِدربھ جیسے علاقوں میں بارش ہوئی جو کہ طویل وقت سے خشک سالی کی مار برداشت کر رہے تھے۔ حالانکہ ایک اچھی خبر سننے کو مل سکتی ہے۔ اتوار 30 جون تک خلیج بنگال میں کم دباؤ کی حالت پیدا ہو رہی ہے۔ اس کے سبب جولائی کے پہلے ہفتہ میں اڈیشہ، وسطی ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان میں اچھی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ ’’ہم 30 جون کے بعد مانسون میں اچھی مضبوطی کی امید کر رہے ہیں۔ اس بات کی قوی امید ہے کہ مانسون وسطی ہندوستان اور گجرات کے باقی حصوں کی جانب بڑھے گا۔‘‘ جولائی میں کم دباؤ کی حالت کے سبب مانسون بہتر ہو سکتا ہے۔ قابل غور ہے کہ خریف کی فصل کی بوائی کے لیے جولائی کا مہینہ سب سے اہم ہوتا ہے اور اسے مانسون کا سب سے زیادہ بارش والا مہینہ مانا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Jun 2019, 11:10 AM