ٹیم انڈیا روہت کی قیادت میں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے اترے گی
ٹیم انڈیا سیریز کے پہلے 3 میچ جیت کر 5 میچوں کی سیریز میں 3۔0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرچکی ہے، وراٹ کو آرام دیئے جانے کے بعد روہت شرما کو اس دورے کے باقی میچوں کے لئے کپتانی سونپی گئی ہے۔
ہیملٹن: ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی کو نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے اور پانچویں ون ڈے اور اس کے بعد ٹوئنٹی-20 سیریز میں آرام دیا گیا ہے اور شاندار فارم میں کھیل رہی ٹیم انڈیا میزبان کے خلاف جمعرات کو یہاں ہونے والے چوتھے ون ڈے میں جیت حاصل کرنے اور سیریز کے اسکور کو چار۔صفر کرنے کے ارادے سے اترے گی۔
ہندوستانی ٹیم سیریز کے پہلے تین ون ڈے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں تین۔صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرچکی ہے۔ وراٹ کو آرام دئیے جانے کے بعد روہت شرما کو اس دورے کے باقی میچوں کے لئے ٹیم کی کپتانی سونپی گئی ہے۔ روہت جب اپنی کپتانی میں کل اس مقابلے میں اتریں گے تو یہ ان کے کیریئر کا 200 واں ون ڈے مقابلہ ہوگا جسے وہ جیت کے ساتھ یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔
ٹیم انڈیا آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز دو۔ایک سے جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ میں تین۔صفر سے آگے ہو چکی ہے اور کسی کو بھی یہ توقع نہیں تھی کہ گھریلو میدان میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی کیوی ٹیم کی اس سیریز میں ایسی مایوس کن کارکردگی ہوگی۔
نیوزی لینڈ کو سیریز میں جیت حاصل کرنی ہے تو اسے دونوں شعبوں میں اپنے کھیل میں اصلاح کرنی ہوگی۔ آخری بار نیوزی لینڈ ایک سیریز میں چار میچ 2012 میں ہارا تھا لیکن اسے یہ شکست ویسٹ انڈیز کی سرزمین میں ملی تھی۔ اپنی گھریلو پچ پر آسٹریلیا نے دو بار اور سری لنکا نے ایک بار سیریز میں چار میچ گنوائے ہیں۔ نیوزی لینڈ کو اس سے بچنے کے لئے اگلے دونوں میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
روہت اپنے 200 ویں ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو جیت حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں دینا چاہیں گے۔ روہت نے گزشتہ دونوں میچوں میں 87 اور 62 رنز بنائے ہیں اور وہ نیوزی لینڈ کی سر زمین پر اپنی پہلی سنچری بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔ یہ بھی دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وراٹ کو آرام دئیے جانے کے بعد ہندوستانی بلے بازوں کی کارکردگی کیسی ہوگی۔
تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی هیمسٹرنگ چوٹ کی وجہ سے گزشتہ میچ میں نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی جگہ دنیش کارتک نے وكٹ كيپنگ کی تھی لیکن دھونی نیٹ پر واپس آچکے ہیں اور وہ چوتھے میچ میں کھیلنے اتریں گے۔ وراٹ کو آرام دئیے جانے سے امباٹی رائیڈو تیسرے نمبر پر جائیں گے جبکہ کارتک چوتھے نمبر پر بلے بازی کے لئے اتریں گے۔ ہندوستانی ٹیم میں دیگر کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ ڈگ بریسویل اور ایش سوڈھی کی جگہ جیمس نيشم اور ٹاڈ ایسٹل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور آخری الیون میں یہ تبدیلی ہو سکتی ہے۔ حالات کے مطابق ٹم ساؤتھی کسی ایک اسپنر کی جگہ لے سکتے ہیں۔
چوتھے ون ڈے کے لئے ممکنہ ٹیم اس طرح ہے:
ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، شکھر دھون، امباٹی رائیڈو، دنیش کارتک، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، کیدار جادھو، ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادو، بھونیشور کمار، محمد شامی، يجویندر چہل۔
نیوزی لینڈ: مارٹن گپٹل، کولن منرو، کین ولیمسن (کپتان)، راس ٹیلر، ٹام لاتھم (وکٹ کیپر)، ہنری نکولس ، مشیل سینٹنر، جیمس نيشم، لوکی فرگوسن، ٹاڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔