اپوزیشن اتحاد ’اِنڈیا‘ نے منی پور معاملے پر بحث کے لیے حکومت کو درمیانی راستہ نکالنے کا دیا مشورہ

پارلیمنٹ میں رخنہ اندازی کے درمیان اپوزیشن اتحاد ’اِنڈیا‘ نے ایوان کے لیڈر کو درمیان کا راستہ نکالنے اور منی پور پر بحث کرانے کی پیشکش کی ہے۔

جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پارلیمنٹ میں رخنہ اندازی کے درمیان اپوزیشن اتحاد ’اِنڈیا‘ نے ایوان کے لیڈر کو درمیان کا راستہ نکالنے اور منی پور پر بحث کرانے کی پیشکش کی ہے۔ جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’اِنڈیا اتحاد کی پارٹیوں نے رخنہ اندازی کو ختم کرنے اور منی پور معاملے پر بے روک ٹوک بحث کرانے کے لیے ایوان کے لیڈر (پیوش گویل) کو ایک درمیانی راستہ کی پیشکش کی ہے۔ امید ہے کہ مودی حکومت متفق ہوگی۔‘‘

جئے رام رمیش کا یہ ٹوئٹ پیوش گویل کے ذریعہ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی کے ساتھ اپوزیشن لیڈر اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے ان کے ہال میں ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ دراصل اپوزیشن اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ ایوان بالا میں سبھی کام روک کر رول 267 کے تحت منی پور پر تفصیلی بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ حکومت رول 176 کے تحت بحث چاہتی ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے لیڈران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں وزیر اعظم کے بیان کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔


واضح رہے کہ منی پور میں 3 مئی کو نسلی تشدد بھڑک اٹھا تھا اور تب سے اب تک تشدد کا ماحول جاری ہے۔ سینکڑوں افراد کی موت ہو چکی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ راحتی کیمپوں میں پناہ لینے کو مجبور ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔