پاکستان میں نئی ایئر اسٹرائیک کی کوئی تیاری نہیں، روس میں ہندوستانی سفیر کا بیان

گفتگو کے دوران روس میں موجود ہندوستانی سفیر نے کہا کہ ہندوستان کی جنگ پاکستان کے خلاف نہیں ہے بلکہ پاکستان کی سرزمین سے چلائی جا رہی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

دھیریا ماہیشوری

ہندوستان فی الحال پاکستان یا اس کے قبضہ والے کشمیر میں کسی قسم کی نئی ایئر اسٹرائیک کی تیاری نہیں کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان حالات معمول پر آ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار روس میں ہندوستان کے سفیر ڈی بالا وینکٹیش ورما نے روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔

وینکٹیش ورما نے اسپوتنک سے کہا، ’’یہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جد و جہد نہیں ہے، بلکہ ہندوستانی مفادات کی حفاظت کا سوال ہے۔ دہشت گرد گروپوں کی وجہ سے ہندوستانی مفادات کو خطرہ ہے۔ اس علاقہ میں ہندوستان واحد ملک نہیں ہے جو ان گروپوں کی حرکتوں سے پریشان ہے۔‘‘

وینکٹیش نے ہندوستان-پاکستان معاملہ میں کسی تیسرے فریق کی ثالثی سے صاف انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس معاملہ پر ویسے بھی ہندوستان سے کسی ملک نے ثالثی کی باضابطہ طور پر پیشکش نہیں کی ہے۔ ورما نے کہا، ’’کسی بھی ملک نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش نہیں کی ہے، ہاں وزیر اعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان فون پر ضرورت گفتگو ہوئی ہے لیکن اس گفتگو کے دوران کسی قسم کی ثالثی کا ذکر نہیں ہوا۔‘‘

روس میں ہندوستان کے سفیر کا بیان پاکستان سے ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن ورتمان کی واپسی کے بعد آیا ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ’جذبہ خیرسگالی‘ کے طور پر ابھینندن کی واپسی کا اعلان کیا تھا۔

حالانکہ، وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کو بلواسطہ طور پر انتباہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’ایک پائلٹ پروجیکٹ پورا ہو گیا، یہ تو مشق تھی، حقیقی عمل ابھی باقی ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی کے اس بیان کے ماہرین نے یہی معنی نکالے تھے کہ ہندوستان بالاکوٹ حملہ سے بھی بڑے کسی حملے پر غور کر رہا ہے۔

دریں اثنا دنوں ممالک کے درمیان سرحد پر کشیدگی جاری ہے۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے درمیان گزشتہ شب بھی فائرنگ میں ایک خاتون لقمہ اجل ہو گئی۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 فروری سے اس وقت کشیدگی پیدا ہونی شروع ہوئی تھی جب پلوامہ میں سی آر پی ایف قافلہ پر ایک خود کش حملہ کیا گیا۔ اس حملہ میں سی آر پی ایس کے 40 سے زیادہ جوان شہید ہو گئے۔ پاکستانی دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے اس حملہ کی ذمہ داری لی تھی۔ اس حملہ کے 13 دن بعد ہندوستان نے پاکستان کے بالاکوٹ میں ایئر اسٹرائیک کو انجام دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Mar 2019, 9:10 PM