ہندستان امن کا حامی ہے، لیکن کمزور نہیں: راج ناتھ

قومی مفاد کا تحفظ حکومت کی بنیادی توجہ ہے اور ملک کو مستقبل کے چیلنجوں سے بچانے کے لئے فوج کو جدید ترین ہتھیاروں اور آلات سے لیس کیا جارہا ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان امن کے حق میں ہے لیکن کمزور نہیں ہے اور اگر کسی نے ہماری طرف آنکھ اٹھاکر دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔اتوار کو ہریانہ کے جھجر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے زور دیکر کہا  کہ قومی مفاد کا تحفظ حکومت کی بنیادی توجہ ہے اور ملک کو مستقبل کے چیلنجوں سے بچانے کے لئے فوج کو جدید ترین اور مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں اور آلات سے لیس کیا جارہا ہے۔

انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ مسلح افواج ہندستان پر بری نظر ڈالنے والے کسی کو بھی منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح لیس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب کمزور ملک نہیں رہا۔ ہم امن پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر کسی نے ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔ ہمارے جوانوں نے اسے بار بار ثابت کیا ہے۔ 2016 کے سرجیکل اسٹرائیک، 2019 کی بالاکوٹ ایئر اسٹرائیک اور وادی گلوان کے واقعہ کے دوران ہمارے فوجیوں نے جو بہادری دکھائی ہے وہ ہماری مہارت اور تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


ہندوستان کی عالمی امیج کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ دنیا اب ہندوستان کی بات کو بے تابی سے سنتی ہے۔ حکومت کی کوششوں کی بدولت ہندوستان اب دنیا کی پہلی پانچ معیشتوں میں شامل ہو گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں ملک کا شمار پہلی تین بڑی معیشتوں میں ہو گا۔

مسٹر سنگھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت نے نیتا جی سبھاش چندر بوس، پرتھوی راج چوہان اور مراٹھا چھترپتی شیواجی جیسی شخصیات سے تحریک حاصل کی ہے اور اس کے ثقافتی ورثے کی حفاظت کرتے ہوئے ہندوستان کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس سال لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم کے یوم آزادی کے خطاب کے دوران 'نیو انڈیا' کے عزم 'امرت کال کے پنچ پرن' کا بھی ذکر کیا۔


وزیر دفاع نے کہا کہ نوآبادیاتی ذہنیت سے چھٹکارا پانے کے لیے حکومت نے راج پتھ کا نام بدل کر کرتویہ پاتھ کرنے سمیت انڈیا گیٹ کمپلیکس میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کا عظیم الشان مجسمہ نصب کرنا مراٹھا جنگجو چھترپتی شیواجی سے ترغیب لیکر بحریہ کو مضبوط بنانا اور برطانوی دور سے چلے آرہے تقریباً 1500 بے کار قوانین کو ختم کرنے سمیت کئی اقدامات کیے ہیں۔

مسٹر سنگھ نے 2023 میں ہندوستان کی جی 20 صدارت کے لوگو میں کمل کے پھول کی موجودگی پر کچھ لوگوں کے اظہار خیال کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کمل ایک قومی پھول ہے، جو ہندوستان کی ثقافتی شناخت سے جڑا ہوا ہے۔


پروگرام کے دوران وزیر دفاع نے جھجر میں عظیم جنگجو پرتھوی راج چوہان کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ پرتھوی راج چوہان کو ایک عظیم حکمران قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف ایک بڑے علاقے پر حکومت کی بلکہ وہ بہادری، انصاف اور عوامی فلاح و بہبود کی علامت بھی تھے۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال بھی اس موقع پر موجود معززین میں شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔