کورونا: ٹرمپ کے سخت رخ کے بعد ہندوستان نے کچھ دواؤں کی برآمدات کو دی منظوری

دنیا کے تقریباً 30 ممالک نے ہندوستان سے کچھ ضروری دواؤں کا مطالبہ کیا تھا اور امریکی صدر ٹرمپ نے تو ہائیڈراکسی کلوروکوئن اور پیراسیٹامول کی عدم فراہمی پر ہندوستان کو بدلہ جھیلنے کی تنبیہ تک کر دی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں افرا تفری کا ماحول پھیلا ہوا ہے۔ ایسے وقت میں کئی مدافعتی اور درد کش دواؤں کی طلب میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ ہندوستان میں بھی کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور اس کو دیکھتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت نے دواؤں کی بیرون ممالک برآمدات پر پابندی عائد کر دی تھی۔ لیکن امریکہ، برازیل، اسپین اور جرمنی سمیت تقریباً 30 ممالک نے ہندوستان سے گزارش کی کہ وہ ہائیڈراکسی کلوروکوئن اور پیراسیٹامول جیسی کچھ دواؤں پر پابندی ہٹا کر بھیجے تاکہ مشکل وقت میں لوگوں کا علاج کرنا آسان ہو۔ ان مطالبات کے پیش نظر تقریباً 25 ادویات برآمدات کے لیے کھول دیئے گئے ہیں۔

ہندی نیوز پورٹل 'نیوز 18' پر شائع خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تو ہائیڈراکسی کلوروکوئن اور پیراسیٹامول کی عدم فراہمی پر ہندوستان کو بدلہ جھیلنے تک کی دھمکی دے دی تھی اور کہا تھا کہ "اگر ہندوستان کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے اہم دواؤں کی برآمد نہیں کرتا ہے تو اسے امریکہ کا بدلہ جھیلنا پڑ سکتا ہے۔" اس ہندی نیوز پورٹل کی ایک دیگر خبر میں لکھا گیا ہے کہ ٹرمپ کی تنبیہ کے بعد ہندوستان نے ضروری دوائیں امریکہ بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔


دواؤں کی برآمدات کو منظوری دیئے جانے سے متعلق مرکزی کامرس اینڈ انڈسٹری کی وزارت نے منگل کو بتایا کہ ’ڈائرکٹوریٹ جنرل فار فارن ٹریڈ ‘ نے اس بابت نوٹیفکیشن کل دیر شام جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تقریبا 25 ادویات برآمدات کے لئے کھول دیئے گئے ہیں۔ یہ ادویات مدافعتی مزاحمت میں اضافہ کرنے اوردرد کش سے متعلق ہیں۔ ان ادویات میں وٹامن سے متعلق ادویات بھی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے ذریعے حکومت نے تین مارچ کو جاری نوٹیفکیشن میں تبدیلی کی ہے۔ حکومت کا فیصلہ فوری طور پر لاگو ہو گیا ہے۔


ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں کورونا وائرس کو دیکھتے ہوئے قوت مدافت بڑھانے اوردرد کش ادویات کی بھی زبردست مانگ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملک میں اس طرح کی ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران اسییشل اکنامک زون میں ادویات اور طبی آلات بنانے والی یونٹس جاری رکھنے کی ہدایت دی تھی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔