کورونا وائرس: پاکستانیوں کو بھی چین سے باہر نکالنے پر غور کریں گے... ہندوستان
ہندوستان نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی حکومت درخواست کرتی ہے تو وہ چین میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے واپس لوٹنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو وہاں سے باہر نکالنے پر غور کرے گا
نئی دہلی: ہندوستان نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی حکومت درخواست کرتی ہے تو وہ چین میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے واپس لوٹنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو وہاں سے باہر نکالنے پر غور کرے گا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار جمعرات کے روز پریس بریفنگ کے دوران یہ بات کہی۔
ان سے سوال کیا گیا تھا کہ ’’ٹیلی ویژن فوٹیج میں دکھایا جارہا ہے کہ چین میں رہنے والے پاکستانیوں نے ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی سے اس امید کا اظہار کیا ہےکہ وہ انہیں چین سے باہر نکالنے میں مدد کریں۔ یہ پاکستانی شہری ’مودی ہے تو ممکن ہے‘ کا نعرہ لگا رہے تھے۔‘‘
رویش کمار نے کہا کہ ’’ہمیں پاکستانی حکومت سے ایسی کسی طرح کی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔لیکن اگر ایسی صورت حال پیدا ہوتی ہے اور وسائل ہیں تو ضرور غورکریں گے۔‘‘
واضح رہے کہ ہندوستان نے چین کے ہوبے صوبہ میں رہنے والے 647 ہندوستانی شہریوں اور مالدیپ کے 7 شہریوں کو ووہان سے خصوصی جہاز بھیج کر نکالا ہے اور مالدیپ کے شہریوں کو نکالنے کے قدم کو پڑوسی فرسٹ کی پالیسی قرار دیاتھا۔ ان لوگوں میں کوروناوائرس کے انفیکشن کے کوئی علامت نہیں پائے گئے ہیں۔ ہندوستان نے اپنے شہریوں کو ووہان سے نکالنے کے لئے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔