ہندوستان نے سری لنکا میں دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ’’سری لنکا کے مختلف مقامات پر آج ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہيں، ہم دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف ہیں اور اسے مسترد کرتے ہيں‘‘۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان نے سری لنکا کے مختلف مقامات پر کیے گئے سلسلہ وار بم دھماکوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف ہے اور اس کو مسترد کرتا ہے۔

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "سری لنکا کے مختلف مقامات پر آج ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہيں، ہم دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف ہیں اور اسے مسترد کرتے ہيں"۔ ہندوستان نے اس موقع پر سری لنکا کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں کے لئے اپنی گہری تعزیتیں پیش کیں اور حملے میں زخمیوں کے لئے جلد صحتیاب ہونے کی امید ظاہر کی۔

وزار ت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گيا ہے کہ ہندوستان ہمیشہ سے ہی ہر قسم اور ہر شکل کی دہشت گردی کے خلاف رہا ہے اور عالمی برادری سے اس کے خلاف منظم طور پر کارروائی کرنے اور سرحد پار کی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ قدم اٹھانے پر زور دیتا رہا ہے۔ کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ کا کوئی بھی جواز قابل قبول نہیں ہوسکتا ہے۔

ہندوستان نے وحشیانہ دہشت گردی کے واقعات کے مجرموں اور انہیں مدد فراہم کرنے والوں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ مصیبت کی اس گھڑی میں ہندوستان سرلنکائی عوام اور حکومت کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ آج ایسٹر کے تہوار کے موقع پر راجدھانی کولمبو سمیت سری لنکا کے مختلف مقامات پر تین کیتھولک چرچ اور تین ہوٹلوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے بم دھماکوں میں 185 افراد ہلاک اور 400 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق مجموعی آٹھ دھماکے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔