ہندوستان اور سعودی عرب دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لئے پرعزم

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے مشترکہ مشقوں، ماہرین کے تبادلوں اور صنعتی تعاون میں ہونے والی پیش رفت سمیت ملٹری ٹو ملٹری تعاون کا جائزہ لیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع برائے اسٹریٹجک امور احمد اے اسیری نے کل نئی دہلی میں سیکرٹری دفاع ڈاکٹر اجے کمار سے ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیر نے وزیر دفاع کو ہندوستان - سعودی عرب مشترکہ کمیٹی برائے دفاعی تعاون (جے سی ڈی سی ) کی 5ویں میٹنگ کے بارے میں بتایا جو 29 جون 2022 کو منعقد ہوئی تھی ۔

جے سی ڈی سی میٹنگ کی مشترکہ صدارت جوائنٹ سکریٹری (مسلح افواج) دنیش کمار اور احمد اے اسیری نے کی۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے مشترکہ مشقوں، ماہرین کے تبادلوں اور صنعتی تعاون میں ہونے والی پیش رفت سمیت ملٹری ٹو ملٹری تعاون کا جائزہ لیا۔ دفاعی صنعت میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے لیے نئی راہوں کی نشاندہی کرنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ موجودہ مشترکہ بحری مشقوں کے دائرہ کار اور پیچیدگیوں کو بڑھانے اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ مشقوں کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


جے سی ڈی سی کی اگلی میٹنگ سعودی عرب میں 2023 میں باہمی طور پر طے تاریخوں میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ جے سی ڈی سی ہندوستان اور سعودی عرب کی وزارت دفاع کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لینے اور رہنمائی کرنے کا اعلیٰ ادارہ ہے۔

نائب وزیر نے، چیئر مین چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی آئی ایس سی) کے چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ وفد کے لیے ایک دفاعی صنعتی بات چیت کا بھی اہتمام کیا جس میں متعدد بھارتی دفاعی صنعتوں نے شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jul 2022, 7:11 AM