’انڈیا اتحاد کی حکومت لوگوں کو ہر ماہ 10 کلو اناج دے گی‘، امیٹھی میں کانگریس صدر کھڑگے کا اعلان
کھڑگے نے آج رائے بریلی اور امیٹھی دونوں پارلیمانی حلقوں میں جلسۂ عام سے خطاب کیا، انھوں نے راہل گاندھی کو رائے بریلی کا شیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ غریبوں کے لیے لڑنے والے سپاہی ہیں۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج اتر پردیش کے ان دو پارلیمانی حلقوں کا دورہ کیا جو اس وقت سب سے زیادہ سرخیوں میں ہیں۔ یعنی امیٹھی اور رائے بریلی۔ دونوں ہی پارلیمانی حلقوں میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی تعریفوں کے پل باندھے۔ امیٹھی میں تو انھوں نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’انڈیا اتحاد کی حکومت لوگوں کو ہر مہینے 10 کلو اناج دے گی۔‘‘ یعنی ابھی مودی حکومت جو 5 کلو اناج غریبوں کو دے رہی ہے، کانگریس نے اسے دوگنا کرنے کا وعدہ عوام سے کیا ہے۔
آج ملکارجن کھڑگے نے پہلے رائے بریلی کا دورہ کیا جہاں لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت ہی اہم انتخاب ہے۔ یہ ملک کے مستقبل کو بنانے والا انتخاب ہے۔ اس ملک کے دلت، پسماندہ، قبائلی، غریب اور کسانوں کو بچانے والا انتخاب ہے۔ اگر اس میں کوئی غلطی ہو گئی تو ملک میں آئین کا راج بند ہو جائے گا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’نریندر مودی منمانی سے حکومت چلاتے ہیں۔ ان کے اندر بہت تکبر پیدا ہو گیا ہے۔ اس لیے ایک بات طئے ہو گئی ہے– انڈیا اتحاد جیتنے والا ہے، بی جے پی اقتدار سے باہر جانے والی ہے۔‘‘
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے موجودہ صدر کھڑگے نے کہا کہ ’’راہل گاندھی رائے بریلی کے شیر ہیں، غریبوں کے لیے لڑنے والے سپاہی ہیں۔ رائے بریلی کو فیروز گاندھی جی سے لے کر اندرا گاندھی جی، سونیا گاندھی جی، سبھی نے سنبھالا ہے۔ اب راہل جی سنبھال رہے ہیں۔‘‘ گاندھی فیملی کی قربانیوں کا بھی تذکرہ کھڑگے نے اپنی تقریر کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گاندھی فیملی اقتدار کے لیے نہیں لڑ رہی ہے۔ اگر اقتدار کے لڑتی تو 2009-2004 میں سونیا گاندھی جی ملک کی وزیر اعظم بن جاتیں۔ لیکن انھوں نے کہا تھا ’میں وزیر اعظم نہیں بننا چاہتی، مین صرف ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔‘ لیکن آج ملک میں اقتدار کے لیے لڑنے والے لوگ دکھائی دے رہے ہیں۔‘‘
رائے بریلی کے بعد کھڑگے نے امیٹھی کا دورہ کیا جہاں انھوں نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے رائے بریلی اور امیٹھی میں کانگریس کے کیے گئے کاموں کو یاد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس حکومت نے رائے بریلی اور امیٹھی میں بہت سارے کام کیے ہیں۔ ضلع اسپتال لال گنج بنا، ریل کوچ فیکٹری بنی، این ٹی پی سی اونچاہار بنا، ایمس بنا، اسپائس پارک بنا، شاردا نہر بنی، گنگا برج بنا، راجیو گاندھی پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ بنا، نیشنل فلائنگ اکیڈمی بنی، این آئی ایف ٹی بنا، ایف ڈی ڈی آئی بنا۔‘‘ پھر کھڑگے نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ ’’پی ایم مودی، آپ نے کیا بنایا؟‘‘
ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’نریندر مودی عوام کو گمراہ کرنے والے راجہ ہیں۔ یہ صرف عمارتوں اور منصوبوں کے نام بدل سکتے ہیں، کوئی کام نہیں کر سکتے۔‘‘ اس موقع پر کانگریس صدر نے امیٹھی سے کانگریس امیدوار کشوری لال شرما کی جیت یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’امیٹھی میں کشوری لال شرما جی کی طرف سے یہ انتخاب خود عوام لڑ رہی ہے۔ جب عوام خود لڑتی ہے تو کامیابی یقینی ہو جاتی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔