کیا راجستھان میں ایس ڈی ایم کو تھپڑ مارنے والے امیدوار نریش مینا گرفتار؟
راجستھان کے دیول اونیارا میں پولیس آزاد امیدوار نریش مینا کو گرفتار کرنے گئی تھی اس دوران گاؤں والوں کی پولیس کے ساتھ گرما گرم بحث ہوئی۔
راجستھان کے دیول اونیارا میں ایس ڈی ایم کو تھپڑ مارنے والے آزاد امیدوار نریش مینا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس دوران گاؤں والوں اور پولیس کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ گاؤں میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے۔ حالات بگڑتے دیکھ پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ آنسو گیس کے گولے داغے گئے ہیں۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق پولیس کے ساتھ جھڑپ کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ دیکھا جا سکتا ہے کہ گاؤں والوں کی بڑی تعداد نے پولیس فورس کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ لوگ پولیس کو دھمکیاں دیتے نظر آ رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کے ہاتھوں میں لاٹھیاں بھی نظر آ رہی ہیں۔
دراصل کل راجستھان میں سات اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے ۔ اس دوران دیول اونیارا سیٹ کے ایک امیدوار نے ایس ڈی ایم کو تھپڑ مار دیا۔ اس سیٹ سے نریش مینا نامی امیدوار آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے ایس ڈی ایم امت چودھری کو تھپڑ مارا بتا یا جاتا ہے۔ حال ہی میں نریش مینا نے کانگریس سے بغاوت کی تھی اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ راجستھان کی سات اسمبلی سیٹوں جھنجھنو، دوسہ، دیولی-اونیارا، کھنوسار، چوراسی، سالمبر اور رام گڑھ کے لیے کل ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس کے نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔ ریاست میں جن سات سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات ہوئے ہیں، ان میں سے چار کانگریس کے پاس تھیں اور ایک ایک بی جے پی، بی اے پی، آر ایل پی کے پاس تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔