راجستھان ضمنی انتخاب: ایس ڈی ایم کو تھپڑ مارنے کا معاملہ، فرار آزاد امیدوار نریش مینا گرفتار
راجستھان میں ضمنی انتخاب کے دوران آزاد امیدوار نریش مینا نے ایس ڈی ایم کو تھپڑ مار دیا، جس کے بعد گاؤں میں تشدد بھڑک اُٹھا۔ پولیس نے نریش کو گرفتار کیا لیکن وہ فرار ہو گیا تھا
راجستھان کے ٹونک ضلع کے دیولی-اونیارا حلقے میں ضمنی انتخابات کے دوران آزاد امیدوار نریش مینا کے تشدد سے گاؤں سمراوتا میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق نریش مینا نے ایس ڈی ایم کو تھپڑ مار دیا، جس سے گاؤں میں کشیدگی کی فضا قائم ہو گئی۔ بدھ کی رات سے ہی پولیس نے نریش مینا کو گرفتار کرنے کی کوششیں شروع کیں لیکن وہ فرار ہو گیا تھا۔ جمعرات دوپہر کو پولیس نے اسے آخرکار گرفتار کر لیا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب حلقے میں ووٹنگ کے دوران کشیدگی بڑھ گئی اور ہنگامہ رات بھر جاری رہا۔ گاؤں کے لوگوں میں غصہ بڑھتا گیا اور انہوں نے پولنگ پارٹیوں کو روکنے کی کوشش کی۔ جب پولیس نے مداخلت کی تو لوگوں نے پتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ مشتعل لوگوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور ایس پی وکاس سانگوان کی گاڑی بھی توڑ دی گئی۔
بدھ کی رات 9 بجے پولیس نے نریش مینا کو گرفتار کیا لیکن اس کے حامیوں نے ہنگامہ کر کے پولیس حراست سے رہا کرا لیا۔ جمعرات صبح نریش مینا دوبارہ سمراوتا گاؤں میں نمودار ہوا اور پولیس پر الزامات لگائے۔ اس کے بعد اس نے رضاکارانہ گرفتاری کی پیشکش کی، اور پولیس نے دوپہر کو دوبارہ اُسے گرفتار کرلیا۔
پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے بدھ رات گاؤں میں کریک ڈاؤن کیا جس کے نتیجے میں 60 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس جھڑپ میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں گاؤں کے رہائشی اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔