مسئلہ کشمیر حل ہونے تک ہندوستان اور پاکستان کی آزادی نا مکمل ہے: مصطفیٰ کمال

نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا تب تک ہندوستان اور پاکستان کی آزادی نامکمل ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا تب تک ہندوستان اور پاکستان کی آزادی نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہندوستان اور پاکستان کی دوستی کے درمیان بہت بڑی رکاوٹ ہے اور برصغیر کے امن کے لئے بھی ایک آتش فشان پہاڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔

موصوف این سی معاون جنرل سکریٹری نے یو این آئی اردو کو بتایا: ’ہندوستان اور پاکستان کی آزادی تب تک نامکمل ہے جب تک نہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل تلاش کیا جائے۔ یہ مسئلہ دونوں ممالک کی دوستی کے درمیان بہت بڑی رکاوٹ ہے اور برصغیر کے امن کے لئے بھی ایک آتش فشان پہاڑ کی حیثیت رکھتا ہے‘۔ انہوں نے دونوں ممالک کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’بابائے قوم مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پل کا کام کیا اور مستحکم ہندوستان اور مضبوط پاکستان کا راز مسئلہ کشمیر کے حل میں ہی مضمر ہے‘۔


کشمیری تاجروں، دکانداروں، مزدوروں کی مالی بد حالی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا: ’ایک طرف کورونا وبا کے پیش نظر عائد لاک ڈاؤن نے لوگوں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے تو دوسری طرف مودی سرکار کورونا کی آڑ میں ہی کشمیریوں کو اپنے جمہوری و آئینی حقوق سے محروم رکھ رہی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرحوم مفتی سعید اور ان کی صاحبزادی نے فرقہ پرست جماعت بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہ ملایا ہوتا تو آج کشمیری، ڈوگرہ اور لداخی لوگ اس مصیبت میں مبتلا نہیں ہوتے۔

شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک کے موجودہ حکمرانوں کو کشمیر کے تئیں سخت پالیسی کو ترک کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی تنسیخ سے ملک کی جمہوری شبیہ داغدار ہوئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی اس اقدام کی مذمت کی جا رہی ہے۔ موصوف معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ کی جارہی زیادتی کو دنیا اور ملک کے عوام سے زیادہ دیر تک چھپایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور نوجوانوں کی نسل کشی برابر جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔