مدارس حب الوطنی کا ثبوت دیں
دہلی: اتر پردیش میں یو گی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی حکومت نےریاست کے تمام مدارس کو احکام جاری کرکے یوم آزادی کی تقریب کا نہ صرف شیڈیول جاری کیا ہے بلکہ ان کو ہدایت دی ہے کہ وہ پوری تقرییب کی فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی کراکر محکمہ کو ارسال کریں ۔ اس حکم نامہ کے بعد مدارس انتظامیہ میں زبردست بے چینی ہے اور ان کو محسوس ہو رہا ہے کہ ان کی حب الوطنی پر شک کیا جا رہا ہے جسکی وجہ سے یہ فرمان جاری ہوا ہے ۔اس فرمان پرمولانا توقیر رضا کا کہنا ہے کہ یہ ملک کی بد قسمتی نہیں تو کیا ہے کہ جن لوگوں نے کبھی آزادی کی جدو جہد میں حصہ نہیں لیا آ ج انہی لوگوں کے ہاتھوںمیں ملک کی باگ ڈور ہے اور یہ لوگ حب الوطنی کے جزبے کو بھی ایک دکھاوے کی چیز سمجھ رہے ہیں ۔ انہوں نے آر ایس ایس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ـ اگر قومی پرچم سے اتنی ہی محبت ہے تو پھر آر ایس ایس اپنے ہیڈ کواٹر پر کیوں نہیں لہراتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان وفادار ہیں اور ان کو اس کے لئے کسی قسم کا ثبوت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ امام عید گاہ عیش باغ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے اس احکام پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آج آزادی کے 70برس بعد کیوں اس طرح کے سوال کھڑے کئے جا رہے ہیں ، آج کیوں مدارس سے یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ مدارس میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی تقریب کی فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی کرائیں اور ان کو محکمہ کو ارسال کریں ۔ مولانا نے سوال کیا کہ کیا ایسا فرمان اسکولوں اور کالجوں کو بھی جای کیا ہے؟
واضح رہے اتر پردیش کی یوگی حکومت نے ایک احکام جاری کیا ہے کہ مدارس میں یوم آزادی کی تقریب کس طرح منائی جائے اور اس کا پورا خاکہ بھی حکومت نے ہی طے ک کیا ہے۔اترپردیش مدرسہ تعلیم کونسل کے رجسٹرار راہل گپتا نے ریاست کے تمام زونز کے محکمہ اقلیتی بہبودکے ڈپٹی ڈائریکٹرزاور تمام اقلیتی بہبود افسران کو خط بھیج کر واضح حکم دیا کہ مدارس میں ہونے والے پروگراموں کی تصدیق کے لئے پروگراموں کی تصاویر اور ویڈیو ز ثبوت کے طور پر پیش کئے جائیں ۔
پروگرام کا جو خاکہ حکومت کی طرف سے طے کیا گیا ہے اس میںپرچم کشائی اور قومی ترانہ ، جنگ آزادی کے شہیدوں کو خراج عقیدت ، یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالنا ، قومی گیتوں کی پیشکش ، یوم آزادی کا پس منظر اور جنگ آزادی میں حصہ لینے والے مجاہدین آزادی اور شہیدوں سے متعلق معلومات فراہم کرنا ، قومی اتحاد پر مبنی ثقافتی پروگرام اور کھیل کود مقابلوں کا انعقاد وغیرہ شامل کیا گیا ہے۔ خط میں تمام افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع کے تمام مدارس میں ان پروگراموں کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور پروگراموں کی ویڈیوگرافی اور فوٹو گرافی کراکر حکم پر عمل آوری کے ثبوت پیش کریں۔میڈیا میں آئی رپورٹوں کو مطابق اتر پردیش کی مدرسہ تنظیموں نے یوگی حکومت کے اس فیصلے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مدارس اسلامیہ کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔