دہلی: یومِ آزادی پر کیجریوال نے خواتین کو دی سوغات، بس میں کر سکیں گی مفت سفر

اروند کیجریوال نے پہلے ہی یہ اعلان کیا تھا کہ وہ خواتین کے لیے بسوں اور میٹرو میں مفت سفر کا انتظام کریں گے۔ اسی کے تحت آج بسوں میں مفت سفر سے متعلق باضابطہ خوشخبری خواتین کو سنائی گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی کی کیجریوال حکومت نے 15 اگست کے موقع پر ریاست کی خواتین کو بہترین تحفہ دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج ملک کی 73ویں یوم آزادی کے موقع اعلان کیا ہے کہ خواتین کو ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت دی جائے گی۔ دہلی کی خواتین اب ان بسوں میں مفت سفر کا فائدہ 29 اکتوبر سے اٹھا سکیں گی۔


دہلی میں خواتین کے لیے بسوں کے مفت سفر کی باتیں کافی دنوں سے چل رہی تھیں اور بدھ کے روز سیاسی گلیارے میں یہ خبریں گشت کر رہی تھیں کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال 15 اگست کو خواتین کے لیے کوئی بڑا اعلان کر سکتے ہیں۔ یہ اندازہ صحیح ثابت ہوا اور آج چھترسال اسٹیڈیم میں 73ویں یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے بس میں خواتین کے مفت سفر کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ "دہلی کی سبھی بہنوں کے لیے اپنا فرض ادا کر رہا ہوں اور ایسا اعلان کر رہا ہوں کہ جس سے بہنوں کی سیکورٹی بڑھے گی، وہ خود مختار ہوں گی اور اپنا خواب پورا کرنے کے لیے مضبوط بنیں گی۔

دراصل اروند کیجریوال نے پہلے ہی یہ اعلان کر دیا تھا کہ وہ خواتین کے لیے بسوں اور میٹرو میں مفت سفر کا انتظام کریں گے۔ اسی کے تحت آج بسوں میں مفت سفر سے متعلق باضابطہ خوشخبری خواتین کو سنائی گئی۔ لیکن خواتین کے لیے یہ اعلان فوری اثر سے نافذ نہیں ہوگا بلکہ 29 اکتوبر کو بھائیا دوج کے دن سے سبھی کلسٹر اور ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین مفت سفر کر سکیں گی۔


واضح رہے کہ کچھ دنوں سے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال عوام پر مہربان نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ ایک مہینے میں ہی وہ کئی تحفے دہلی کے عوام کو دے چکے ہیں۔ کیجریوال کے لگاتار لوک لبھاونے اعلان کی وجہ سے کئی اپوزیشن پارٹیاں ان پر حملہ آور بھی ہیں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ منوج تیواری ان اعلانات کو 'انتخابی اعلان' بتاتے رہے ہیں۔

بہر حال، ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر کی سوغات کے لیے کابینی مسودہ کو لاء محکمہ نے ہری جھنڈی دے دی ہے۔ بسوں میں خواتین کے مفت سفر پر حکومت کو سالانہ 300 کروڑ روپے خرچ کرنا پڑ سکتا ہے۔ دہلی حکومت نے 3 جون کو بسوں مین خواتین کو مفت سفر کی سوغات دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس منصوبہ کے مطابق خواتین کو بسوں میں پنک کارڈ دیا جائے گا۔ اس سے وہ مفت سفر کر سکیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔