گستاخِ رسول نوپور شرما کی مشکلات میں اضافہ، ممبرا پولیس نے بھیجا نوٹس
نوپور شرما نے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ایک ٹی وی مباحثہ کے دوران متنازعہ بیان دیا تھا، اس کے بعد سے ہی ان کے خلاف مہاراشٹر کے کئی تھانوں میں شکایتیں درج کروائی گئی تھیں۔
بی جے پی کی سابق ترجمان اور شعلہ بیان لیڈر نوپور شرما کے لیے مشکلات بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ رسولؐ اللہ کی شان میں گستاخی کرنے والی نوپور شرما کو ممبئی سے ملحق ٹھانے شہر کی ممبرا پولیس نے نوٹس بھیجا ہے۔ نوٹس کے مطابق انھیں آئندہ 22 جون کو پولیس اسٹیشن میں پہنچ کر بیان درج کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نوپور شرما نے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ایک ٹی وی مباحثہ کے دوران متنازعہ بیان دیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی ان کے خلاف مہاراشٹر میں کئی تھانوں میں شکایتیں درج کروائی گئی تھیں۔ اب ممبئی پولیس نے بھی انھیں جلد نوٹس بھیجنے کی بات کہی ہے۔ ممبئی کے پولیس کمشنر سنجے پانڈے نے 6 جون کو کہا تھا کہ نوپور شرما کو جلد ہی سمن بھیجا جائے گا۔ رضا اکیڈمی نے نوپر شرما کے خلاف معاملہ درج کراتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ممبرا کے علاوہ ممبئی کے پائدھونی اور پونے میں بھی نوپور شرما کے خلاف معاملے درج ہیں۔
واضح رہے کہ جس دن نوپر شرما نے ٹی وی مباحثہ میں حضرت محمدؐ کے خلاف متنازعہ بیان دیا تھا، اس دن سے ہی انھیں دھمکیاں ملنی شروع ہو گئی تھیں۔ بعد ازاں دہلی پولیس نے نوپور شرما کی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا۔ نوپور شرما کے بیان پر جب عرب ممالک میں احتجاج دیکھنے کو ملا تو بی جے پی نے نوپور کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کر دیا۔ نوپور شرما نے بھی ایک بیان میں کہا کہ وہ کسی کو تکلیف نہیں پہنچانا چاہتی تھیں، اگر بیان سے کسی کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں تو اپنا بیان واپس لیتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔