اڈیشہ میں شراب بنانے والی کمپنی میں انکم ٹیکس کا چھاپہ، پیسہ گنتے گنتے مشین ہو گئی خراب!
شراب بنانے والی کمپنی بودھ ڈسٹلریز پرائیویٹ لمیٹڈ کے کئی ڈویژن میں بڑے پیمانے پر آئی ٹی کی چھاپہ ماری جمعرات کو دوسرے دن بھی جاری ہے۔
اڈیشہ میں سب سے بڑی نقدی برآمدگی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں انکم ٹیکس محکمہ کے افسران نے ٹیکس چوری کے الزامات کے بعد ایک شراب بنانے والی کمپنی کے مختلف ڈویژن پر کئی چھاپے مارے ہیں۔ اس چھاپہ ماری میں 150 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بڑی مقدار میں برآمد نقدی کو گننے کے لیے منگائی گئی مشین رقم گننے کے دوران خراب ہو گئی۔
معاملہ شراب بنانے والی کمپنی بودھ ڈسٹلریز پرائیویٹ لمیٹڈ سے جڑا ہوا ہے جہاں پر آئی ٹی محکمہ کی چھاپہ ماری 6 دسمبر کو شروع ہوئی تھی اور جمعرات کو دوسرے دن بھی جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی اڈیشہ میں ملک کی سب سے بڑی شراب بنانے اور فروخت کرنے والی کمپنیوں میں سے ایک بلدیو ساہو اینڈ گروپ آف کمپنیز کے بلانگیر دفتر پر چھاپے کے دوران 150 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی ضبط کی گئی۔ بلدیو ساہو اینڈ گروپ آف کمپنیز بودھ ڈسٹلریز (بی ڈی پی ایل) کی پارٹنرشپ فرم ہے، جہاں بدھ کے روز چھاپہ ماری کی گئی تھی۔ نقدی ضبط کیے جانے کے بعد انکم ٹیکس محکمہ نے بدھ کی شب ایک بڑے ٹرک میں لوڈ کیے گئے نقدی بیگ اور بوریوں کو ایس بی آئی واقع بلانگیر برانچ میں لے گئے جہاں سارا پیسہ بینک میں سخت سیکورٹی کے درمیان جمع کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ٹی افسران نے کمپنی کے ساتھ مبینہ تعلقات کو لے کر پروناکٹک کے ایک تاجر اشوک کمار اگروال کی رہائش پر بھی چھاپہ ماری کی۔ بلانگیر میں کچھ شراب کاروباریوں، ٹیٹلاگڑھ اور بودھ کے نہرو نگر میں دو گھروں پر چھاپہ ماری کی رپورٹ کے ساتھ انکم ٹیکس محکمہ نے جمعرات کو بھی اپنی تلاشی جاری رکھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔