مہاراشٹر کے جالنا میں محکمہ انکم ٹیکس کی کارروائی، 32 کلو سونا، 56 کروڑ نقد ضبط، 13 گھنٹے گنے گئے نوٹ!

محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ کے دوران 56 کروڑ روپے نقد، 32 کلو سونا، ہیرے، جواہرات اور غیر قانونی جائیداد کے کاغذات برآمد کئے گئے ہیں، ضبط کی گئی نقدی کو گننے میں 13 گھنٹے لگ گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے جالنا ضلع میں محکمہ انکم ٹیکس نے بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے یکم سے 8 اگست تک اسٹیل، ٹیکسٹائل تاجروں اور رئیل اسٹیٹ ڈیولپرز کے احاطے پر چھاپے مار کر تقریباً 100 کروڑ روپے کی بے نامی جائیدادیں ضبط کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق اس کارروائی کو محکمہ انکم ٹیکس کی ناسک شاخ نے انجام دیا۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ کے دوران 56 کروڑ روپے نقد، 32 کلو سونا، ہیرے، جواہرات اور غیر قانونی جائیداد کے کاغذات برآمد کئے گئے ہیں، ضبط کی گئی نقدی کو گننے میں 13 گھنٹے لگ گئے۔ برآمد شدہ نقدی کو مقامی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی جالنا برانچ لے جا کر گنا گیا۔ نقد رقم کی گنتی صبح 11 بجے شروع ہوئی اور رات کے ایک بجے تک جاری رہی۔


اس کارروائی میں ریاست بھر سے محکمہ انکم ٹیکس کے 260 سے زیادہ افسران اور ملازمین نے حصہ لیا۔ افسران کو پانچ ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپوں کے دوران 120 سے زائد گاڑیوں کا استعمال کیا۔ محکمہ کو جالنا کی چار اسٹیل کمپنیوں کے لین دین میں بے ضابطگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد محکمہ کی ٹیم حرکت میں آئی۔ محکمہ انکم ٹیکس نے ملزمان کے گھر اور فیکٹریوں پر چھاپہ مارا۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی گزشتہ چار پانچ روز سے خفیہ طور پر جاری تھی اور دو اسٹیل کمپنیوں پر چھاپے مارے گئے، ان کے نام کالیکا اسٹیل اور سائی رام اسٹیل بتائے جا رہے ہیں۔ کالیکا اسٹیل کے مالک کا نام گھنشیام گوئل بتایا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے اس کارروائی میں مقامی پولیس کی کوئی مدد نہیں لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔