اتر پردیش میں اب شبینہ کرفیو کا نفاذ 11 بجے سے ہوگا

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں 1432 نئے مریضوں کی شناخت ہوئی ہے جبکہ اس مدت میں 2481 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور سات کی موت ہوگئی ہے۔ ریاست میں فی الحال 14214 مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔

یو پی ودھان سبھا، تصویر یو این آئی
یو پی ودھان سبھا، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش میں کورونا انفکشن کے معاملوں میں خاطر خواہ کمی کو دیکھتے ہوئے شبینہ کرفیو میں ایک گھنٹے کی مزید نرمی دی گئی ہے جس کے بعد اترپردیش کے سبھی اضلاع میں اب رات 11 بجے سے صبح چھ بجے تک کورونا کرفیو نافذ رہے گا۔

اڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) اونیشن کمار اوستھی نے اتوار کو بتایا کہ کورونا انفکشن کے فعال معاملوں میں تیزی سے آ رہی گراوٹ کے پیش نظر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ شبینہ کرفیو اب رات دس بجے کے بجائے 11 بجے سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو آگاہ بھی کیا کہ کورونا کے ضوابط پر عمل کرتے رہیں، عالمی وبا کا انفکشن کم ہوا ہے لیکن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ وبا کی روک تھام میں ماسک، جسمانی فاصلہ اور سینیٹائزر کارگر ہتھیار ہیں۔


اونیشن کمار اوستھی نے کہا کہ پیر سے سبھی تعلیمی اداروں کو کووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی سرکاری دفاتر میں سبھی ملازمین دفتر سے ہی کام کریں گے۔ جم بھی کھلیں گے حالانکہ سوئمنگ پول اور واٹر پارک فی الحال بند رکھے جائیں گے۔ ریستوران اور سنیما ہال اپنی اہلیت کے مطابق کھلیں گے۔

اس درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست میں 1432 نئے مریضوں کی شناخت ہوئی ہے جبکہ اس مدت میں 2481 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور سات کی موت ہوگئی ہے۔ ریاست میں فی الحال 14214 مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔ ملحوظ رہے کہ ریاستی حکومت نے اس سے پہلے گذزشتہ 25 دسمبر کو رات 11 تا صبح 5 بجے تک شبینہ کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا تھا بعد میں کورونا انفکشن میں اضافے کو دیکھتے ہوئے جنوری میں اس مدت میں توسیع کرتے ہوئے شبینہ کرفیو کا وقت رات 10 تا صبح 6 تک کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔