آنے والے وقت میں پی ایم مودی کو لوگ بھگوان مانیں گے: وزیر اعلیٰ، اتراکھنڈ

اتراکھنڈ کا وزیر اعلیٰ بنائے جانے سے خوش تیرتھ سنگھ راوت نے ایک بیان میں کہا کہ جس طرح دواپر اور تریتا یُگ میں بھگوان رام اور کرشن کو لوگ بھگوان ماننے لگے تھے، ویسا ہی پی ایم مودی کے ساتھ بھی ہوگا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ بی جے پی میں گھمسان کے بعد نوتقرر وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت نے وزیر اعظم نریندر مودی کا موازنہ بھگوان رام اور کرشن سے کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بنائے جانے سے خوش تیرتھ سنگھ راوت نے پی ایم مودی کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا کہ جس طرح ’دواپر‘ اور ’تریتا‘ یُگ میں بھگوان رام اور کرشن کو ان کے کاموں کی وجہ سے لوگ بھگوان ماننے لگے تھے، اسی طرح سے لوگ پی ایم مودی کو بھی آنے والے وقت میں بھگوان رام اور کرشن کی طرح ماننے لگیں گے۔

تیرتھ سنگھ راوت نے یہ بیان ہریدوار میں ہنس فاؤنڈیشن کے ذریعہ منعقد نیتر کمبھ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ پی ایم مودی کو بھگوان رام کی طرح ماننے والے تیرتھ سنگھ ان کی تعریف کرتے کرتے اس قدر جذبات میں بہہ گئے کہ وہ انھیں ’کل یُگ‘ کا بھگوان رام بتانے لگے۔ تقریب کے دوران انھوں نے کہا کہ ’’پی ایم مودی ایک چمتکاری شخص ہیں۔ انھوں نے اپنے کاموں سے ایسا کر دکھایا ہے۔ پہلے ہندوستان کے قومی لیڈروں کو دنیا میں کوئی خاص توجہ نہیں ملتی تھی، لیکن آج دنیا بھر کے بڑے سے بڑا لیڈر پی ایم مودی کے ساتھ صرف تصویر کھنچوانے کے لیے پرجوش رہتے ہیں۔‘‘


تیرتھ سنگھ راوت نے بھگوان رام اور کرشن کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے دواپر اور تریتا یُگ میں بھگوان رام اور کرشن نے سماج کے لیے اس طرح کے کام کیے گئے تھے کہ لوگ انھیں بھگوان ماننے لگے تھے، آنے والے وقت میں کچھ ایسا ہی پی ایم مودی کے ساتھ ہونے والا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پی ایم مودی کو لوگ بھگوان کی شکل میں دیکھیں گے۔ تیرتھ سنگھ نے مزید کہا کہ ’’مودی ملک میں اس طرح کے کام کر رہے ہیں کہ ان کی لوگوں کو جے جے کار کرنی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Mar 2021, 4:10 PM