آئندہ 2 دہائیوں میں ہندوستان دنیا کی تین بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا: مکیش امبانی

ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے سربراہ مکیش امبانی نے کہا کہ فیس بُک اور دنیا کی کئی دوسری کمپنیوں اور صنعتوں کے پاس ہندوستان میں تجارت کرنے، اقتصادی اور سماجی تبدیلی کا حصہ بننے کا ایک سنہری موقع ہے۔

مکیش امبانی، تصویر آئی اے این ایس
مکیش امبانی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان کے امیر ترین صنعت کار مکیش امبانی نے کہا ہے کہ ہندوستان کا شمار آئندہ دو دہائیوں میں دنیا کی تین بڑی معیشتوں میں ہوگا اور اس دوران فی کس آمدنی بھی دوگنی ہوجائے گی، امبانی نے فیس بُک کے چیف مار ک زکربرگ کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ ہندستان کامتوسط طبقہ ہر سال تین سے چار فیصد کی شرح سے بڑھے گا۔ ملک میں تقریباً 50 فیصد حصہ داری متوسط طبقہ کی ہے۔

ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے سربراہ امبانی نے کہا کہ ’’میرا ماننا ہے کہ آئندہ دو دہائیوں میں ہندوستان دنیا کی سرفہرست تین معیشتوں میں شامل ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ ملک ایک سرکردہ ڈیجیٹل سماج بن جائے گا جسے نوجوان چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری فی کس آمدنی 1,800-2000 امریکی ڈالر سے بڑھ کر 5,000 امریکی ڈالر ہوجائے گی۔‘‘ امبانی نے کہا کہ فیس بُک اور دنیا کی کئی دوسری کمپنیوں اور صنعتوں کے پاس ہندوستان میں تجارت کرنے، اقتصادی اور سماجی تبدیلی کا حصہ بننے کا ایک سنہری موقع ہے۔


مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین ہیں۔ اس کی موجودگی پیٹرولیم کے علاوہ ٹیلی کام اور رٹیل سیکٹر میں ہے۔ فیس بُک سمیت دنیا کی کئی بڑی کمپنیوں نے ریلائنس انڈسٹریز کی ٹیلی کام یونٹ جیو پلیٹ فارمز میں بڑی سرمایہ کاری کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔