ارب پتیوں کی فہرست میں گوتم اڈانی پھسل کر چوتھے مقام پر پہنچے، فرانس کے برنارڈ ارنالٹ پہلے مقام پر برقرار
ارب پتیوں کی فہرست میں پہلے مقام پر فرانس کے برنارڈ ارنالٹ 188 ارب ڈالر کی ملکیت کے ساتھ پہلے مقام پر برقرار ہیں، 2023 میں انھوں نے اپنی دولت میں 26 ارب ڈالر جوڑے ہیں۔
بلومبرگ نے ایک بار پھر دنیا کے امیر اشخاص کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں ایشیا کے سب سے امیر اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی گزشتہ بار کے مقابلے پیچھے ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ’بلومبرگ بلینائر انڈیکس‘ کے مطابق امیزون کے جیف بیجوس اب گوتم اڈانی کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے مقام پر آ گئے ہیں اور گوتم کو اس مرتبہ چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ پچھلی بار گوتم اڈانی تیسرے نمبر پر تھے اور جیف بیجوس چوتھے مقام پر۔
بلومبرگ کے ذریعہ جاری ارب پتیوں کی تازہ فہرست کے مطابق گوتم اڈانی کی ملکیت اس وقت 120 ارب ڈالر ہے۔ ان کی ملکیت میں 872 ملین ڈالر کی کمی آئی ہے، یعنی یکم جنوری 2023 سے لے کر اب تک ان کی ملکیت 683 ملین ڈالر گھٹی ہے۔ جیف بیجوس کی ملکیت اس وقت 121 ارب ڈالر ہے اور 2023 میں اب تک انھوں نے اپنی ملکیت میں 13.8 ارب ڈالر کا اضافہ کیا ہے۔
ارب پتیوں کی فہرست میں پہلے مقام پر فرانس کے برنارڈ ارنالٹ 188 ارب ڈالر کی ملکیت کے ساتھ پہلے مقام پر برقرار ہیں۔ 2023 میں انھوں نے اپنی دولت میں 26 ارب ڈالر جوڑے ہیں۔ ٹیسلا کے ایلن مسک ارب پتیوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر ہیں اور ان کی دولت 145 ارب ڈالر ہے۔ 2023 میں ایلن مسک نے اپنی دولت میں 8.21 ارب ڈالر جوڑے ہیں جو ان کے لیے اچھی خبر ہے۔ 2022 میں ایلن مسک کی دولت میں زبردست گراوٹ دیکھنے کو ملی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی بھی ارب پتیوں کی فہرست میں نیچے چلے گئے ہیں۔ اب وہ 84.7 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ 12ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ یعنی وہ ٹاپ-10 کی فہرست سے باہر ہو چکے ہیں۔ دراصل حال کے دنوں میں اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے شیئرس اور ریلائنس انڈسٹریز کے شیئرس میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گوتم اڈانی سے لے کر مکیش امبانی تک کی دولت میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔