دہلی اسمبلی الیکشن میں کانگریس اسی امیدوار کو ٹکٹ دے گی جو زمینی سطح پر سرگرم ہوگا

موجودہ دہلی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے دانش ابرار نے کہا کہ جو حکومت بدعنوانی کے چنگل میں الجھی ہوئی ہو وہ دوسروں کی کیا مدد کرے گی۔

<div class="paragraphs"><p>دانش ابرار کے لیے استقبالیہ تقریب</p></div>

دانش ابرار کے لیے استقبالیہ تقریب

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: راجستھان کے سابق رکن اسمبلی اور راجستھان حکومت میں وزیر رہے دانش ابرار کو دہلی پردیش کانگریس کمیٹی نے انچارج کی ذمہ داری سونپی ہے۔ اپنی ذمہ داری بخوبی نبھاتے ہوئے دانش ابرار نے آج بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے پانچوں اسمبلی حلقوں میں ہر ماہ کی دو تاریخ کو منعقد ہونے والی بلاکس کی میٹنگ میں شرکت کی اور سبھی لیڈران و عہدیداران سے دہلی اسمبلی الیکشن 2025 کو لے کر تفصیلی گفتگو کی۔

دانش ابرار نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہلی ملک کی راجدھانی ہے اور جس راجدھانی کو سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی شیلا دیکشت نے خوابوں کا شہر بنایا تھا، آج اس کی حالت دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے لوگ آج بھی دہلی کی ترقی کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ دہلی اسمبلی الیکشن کیلئے ہمیں اور آپ کو بھی مل کر زمینی سطح پر مورچہ سنبھال لینا چاہئے۔


دانش نے مزید کہا کہ اس مرتبہ سست روش سے کام نہیں بننے والا، ہر اسمبلی کے عہدیداران کو گھر گھر کانگریس پارٹی کے ترقیاتی ماڈل کو پہنچانا ہوگا اور یہ بتانا ہوگا کہ کانگریس پارٹی کے زمانے میں جو کام ہوئے تھے اور آج جو کام ہو رہے ہیں ان میں کتنا فرق ہے۔ ساتھ ہی کانگریس لیڈر نے کہا کہ کانگریس پارٹی اب زمین پر اتر چکی ہے اور مجھے بطور انچارج یہاں تعینات کیا گیا ہے تاکہ میں لوگوں سے ملاقات کروں، ان کے خیالات سنوں اور جو خامیاں ہیں ان کی ایک رپورٹ پیش کر کے اعلی کمان تک پہنچاؤں تاکہ دہلی اسمبلی الیکشن سے قبل سبھی خامیوں کو دور کیا جا سکے۔

موجودہ دہلی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے دانش ابرار نے کہا کہ جو حکومت بدعنوانی کے چنگل میں الجھی ہوئی ہو وہ دوسروں کی کیا مدد کرے گی۔ ساتھ ہی انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہلی اسمبلی الیکشن میں اسی امیدوار کو کانگریس ٹکٹ دے گی جو زمینی سطح پر سرگرم ہوگا۔


اس موقع پر کانگریس کے قد آور لیڈر چودھری متین احمد اور بابرپور ضلع کانگریس کے صدر چودھری زبیر احمد مشترکہ طور پر کہا کہ بابرپور ضلع کے عہدیداران پوری محنت و لگن سے کام کر رہے ہیں جس کے مثبت نتائج ہم سب نے ایم سی ڈی الیکشن اور لوک سبھا الیکشن 2024 میں دیکھے ہیں۔ تاہم دہلی اسمبلی الیکشن 2025 کیلئے ضلع کے پارٹی لیڈران و کارکنان فی الحال منصوبہ بندی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس مرتبہ کانگریس پارٹی فتح کا پرچم ضرور لہرائے گی۔

ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید نے کہا کہ بابرپور صر ف ایک ضلع نہیں بلکہ ایک خاندان کی طرح ہے جس میں ہر کارکنان کی بات سنی جاتی ہے اور اس پر عمل بھی کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی کارکن کانگریس پارٹی کے حق میں مشورہ دیتا ہے یا بات کہتا ہے تو اس کو اتفاق رائے سے مانا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ اسمبلی الیکشن 2025 کیلئے ہماری ٹیم پوری طرح سے مضبوط ہے اور مزید مضبوطی کیلئے ہم محنت کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔