تمل ناڈو میں اب ملازمین کو ہفتے میں صرف 4 دن کرنا ہوگا کام، اسمبلی سے تاریخی بل پاس، اپوزیشن ناراض
اپوزیشن پارٹیوں کا کہنا ہے کہ اس بل کے پاس ہونے کے بعد فیکٹری مالکوں کے ذریعہ ملازمین پر کیا جانے والا استحصال مزید بڑھ جائے گا۔
تمل ناڈو اسمبلی کے ذریعہ ایک ایسے بل کو پاس کیا گیا ہے جو ملازمین کے لیے بے حد اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ اس بل کے پاس ہونے کے بعد اب ملازمین کو ہفتہ میں صرف 4 دن ہی کام کرنا ہوگا۔ یعنی 3 دنوں کی چھٹی سبھی ملازمین کو ملے گی۔ حالانکہ اس بل میں حکومت کی طرف سے کچھ ایسے اصول و ضوابط شامل کیے گئے ہیں جس سے فیکٹری اور کمپنی مالکوں کو نقصان نہ اٹھانا پڑے۔
دراصل اسمبلی سے پاس بل میں کہا گیا ہے کہ ملازمین، جو کہ فیکٹریوں اور کمپنیوں میں کام کر رہے ہیں، ان کی شفٹ کا وقت بڑھ کر 12 گھنٹے کا ہو جائے گا۔ یعنی پورے ہفتے میں انھیں 48 گھنٹے مکمل کرنے ہوں گے۔ اس طرح دیکھا جائے تو روزانہ کام کے گھنٹوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور پھر ہفتہ میں 3 دنوں کی چھٹی کا راستہ نکالا گیا ہے۔ بل پاس ہونے کے بعد ہدایت دی گئی ہے کہ سبھی فیکٹریز اور کمپنیاں اس اصول پر عمل کرنا شروع کر سکتی ہیں۔ حکومت نے بل پاس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر سبھی کمپنیوں کے ذریعہ عمل کرنا لازمی ہے۔
تمل ناڈو اسمبلی میں مذکورہ بل کو پاس کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے خاتون ملازمین کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ حالانکہ بل پاس ہونے کے بعد اپوزیشن پارٹیوں نے اس کی شدید مخالفت کی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کا کہنا ہے کہ اس بل کے پاس ہونے کے بعد فیکٹری مالکوں کے ذریعہ ملازمین پر کیا جانے والا استحصال مزید بڑھ جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔