جنسی استحصال معاملہ میں بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند 7 گھنٹہ پوچھ تاچھ کے بعد نظر بند

ایس آئی ٹی کے اشارے پر سوامی چنمیانند کے آشرم کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ آشرم کے باہر اضافی پولس فورس تعینات ہے۔ خبروں کے مطابق چنمیانند کے خاص لوگوں کو آشرم کے باہر جانے سے منع کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے شاہجہاں پور کی لاء طالبہ کے ذریعہ لگائے گئے جنسی استحصال کے معاملے میں بی جے پی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند کی مشکلیں بڑھ گئی ہیں۔ خبروں کے مطابق چنمیانند کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی چنمیانند کے ’دویہ دھام‘ کا بیڈ روم بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ آج یعنی جمعہ کو فورنسک ٹیم کمرے کی جانچ کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایس آئی ٹی کے اشارے پر دِویہ دھام میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

اس سے قبل جمعرات کی دیر شب تقریباً 2 بجے تک چنمیانند اور ان کے کچھ خاص لوگوں سے ایس آئی ٹی نے پوچھ تاچھ کی۔ خبروں کے مطابق یہ پوچھ تاچھ جمعرات کی شام میں شروع ہوئی تھی جو دیر رات تک چلی۔ حالانکہ عصمت دری معاملہ میں اب تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔ اتر پردیش پولس ذرائع کے مطابق ’’بھلے ہی ایس آئی ٹی کی نگرانی الٰہ آباد ہائی کورٹ کی دو رکنی خصوصی بنچ کر رہی ہو، لیکن معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے صوبے کی حکومت اور ریاستی پولس ڈائریکٹر جنرل او پی سنگھ قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘‘


شاہجہاں پور میں کئی دن سے ٹھہری ہوئی ایس اائی ٹی کی ٹیم کے رکن ملزم، گواہ اور شکایت دہندگان کے علاوہ باقی لوگوں سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ ایس آئی ٹی پر الٰہ آباد ہائی کورٹ کی خصوصی بنچ نظر رکھ رہی ہے۔ جانچ میں کیا کچھ نکل کر سامنے آ رہا ہے؟ جانچ کی سمت کیا ہے؟ لمحہ لمحہ کی جانکاری پولس ڈائریکٹر جنرل اوم پرکاش سنگھ کو ایس آئی ٹی دے رہی ہے تاکہ ایس آئی ٹی جب رپورٹ کے ساتھ الٰہ آباد ہائی کورٹ کو دو رکنی بنچ کے سامنے پیش ہو تو ریاستی حکومت اور ریاستی پولس کی بدنامی نہ ہو۔

خبروں کے مطابق اتر پردیش پولس اورایس آئی ٹی کو یہ خوف بھی لگا ہوا ہے کہ اگر اس کی جانچ میں کہیں کوئی خامی رہ گئی تو ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ ریاستی پولس کی ایس آئی ٹی سے چھین کر معاملہ سی بی آئی کے حوالے کر دیا جائے۔


بہر حال، ان تمام باتوں کے درمیان ہی ایس آئی ٹی کے اشارے پر سوامی چنمیانند کے آشرم کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ آشرم کے باہر اضافی پولس فورس تعینات کر دیا گیا ہے۔ پولس کے اعلیٰ ذرائع کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ ایس آئی ٹی نے سوامی چنمیانند اور ان کے خاص لوگوں کو کہیں باہر نہ نکلنے کی ہدایت دے رکھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Sep 2019, 1:10 PM