نوح میں پیدل نہیں نکلی وی ایچ پی کی برج منڈل یاترا، 51 لوگوں کو گاڑیوں میں لے جایا گیا مندر، جلابھشیک کے بعد یاترا ختم

ہریانہ کے نوح میں برج منڈل یاترا کے دوران ڈیوٹی پر تعینات سَب انسپکٹر حاکم الدین کا ہارٹ اٹیک سے انتقال ہو گیا، حاکم الدین نوح میں بڑکلی چوک پر تعینات تھے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

ہریانہ کے نوح میں وی ایچ پی (وشو ہندو پریشد) لیڈروں کے ذریعہ برج منڈل یاترا نکالنے کی ضد بالآخر پوری ہو ہی گئی، حالانکہ یہ یاترا انتہائی محدود تعداد پر مشتمل وی ایچ پی لیڈران نے نکالی اور ان کے ساتھ سیکورٹی اہلکار بھی رہے تاکہ کسی بھی طرح کا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وی ایچ پی، سروجاتیہ ہندو مہاپنچایت اور بجرنگ دل کی اپیل پر ہندو تنظیم آج دوبارہ برج منڈل یاترا نکالنے پر بضد رہے۔ ہریانہ حکومت اور نوح ضلع انتظامیہ نے اس یاترا کے لیے اجازت نہیں دی تھی، لیکن پیر کی صبح انتظامیہ نے نلہریشور مندر میں جلابھشیک کے لیے سادھو سَنتوں اور وی ایچ پی کے لوگوں کو اجازت دے دی۔ بتایا جاتا ہے کہ وی ایچ پی لیڈران برج منڈل یاترا پیدل نکالنا چاہتے تھے، لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ مندروں میں انھیں پولیس سیکورٹی کے درمیان گاڑیوں سے پہنچایا گیا جہاں جلابھشیک کا عمل انجام دیا گیا۔

ہندی نیوز پورٹل ’بھاسکر ڈاٹ کام‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوح بائپاس سے پولیس سیکورٹی کے درمیان 3 گاڑیوں پر بٹھا کر 51 لوگوں کو نلہریشور مندر لے جایا گیا۔ سبھی نے پٹودی آشرم کے مہامنڈلیشور سوامی دھرم دیو اور وی ایچ پی لیڈر آلوک کمار رائے کی قیادت میں یہاں جلابھشیک کیا۔ اس کے بعد ان لوگوں کو گاڑیوں میں ہی فیروز پور جھرکا کے راستے سنگار واقع رادھا کرشن مندر پہنچایا گیا۔ ان دونوں مقامات پر بھی جلابھشیک ہوا اور پھر یاترا کا اختتام ہو گیا۔


اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ہریانہ کے نوح میں برج منڈل یاترا کے دوران ڈیوٹی پر تعینات سَب انسپکٹر حاکم الدین کا ہارٹ اٹیک سے انتقال ہو گیا۔ حاکم الدین نوح میں بڑکلی چوک پر تعینات تھے۔ ان کی ڈیوٹی آر اے ایف ٹیم کے ساتھ لگائی گئی تھی۔ حاکم نگینہ تھانہ میں ایڈیشنل ایس ایچ او کے عہدہ پر تعینات تھے۔

بہرحال، وی ایچ پی کے ذریعہ برج منڈل یاترا نکالے جانے کی ضد کو دیکھتے ہوئے نہ صرف مقامی انتظامیہ نے سخت سیکورٹی کا انتظام کیا تھا، بلکہ مسلم طبقہ نے بھی بہت احتیاط کیا۔ اتوار کو ہی ضلع کے سبھی گاؤں میں مسجدوں سے اناؤنسمنٹ کرائی گئی کہ پیر کو یاترا کے پیش نظر مسلم طبقہ کے لوگ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ گاؤں میں کسی بھی جگہ 4 سے زیادہ لوگوں کے اکٹھا نہ ہونے اور لوگوں کے گاؤں سے باہر نہ جانے کی اپیل کی بھی کی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔