مظفرنگر میں دیہاتیوں نے بی جے پی کے امیدوار کو کھدیڑا کہا- ’اس بار ایم ایل اے بن کر دکھا دو!‘
ویڈیو میں وکرم سینی گاڑی میں ہاتھ جوڑتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، اس واقعہ پر انہوں نے کہا کہ وہ منورپور گاؤں میں سینی سماج کے ایک اجلاس میں شرکت کے لئے گئے تھے
مظفرنگر: اتر پردیش میں 10 فروری کو پہلے مرحلہ کی ووٹنگ سے قبل مغربی یوپی میں سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں اور مختلف جماعتوں کے امیدوار اپنی اپنی تشہیر میں مصروف ہیں۔ بی جے پی لیڈران بھی اپنی پارٹی کے حق میں ووٹ مانگ رہے ہیں لیکن کہیں کہیں ان کے خلاف احتجاج بھی ہو رہا ہے۔
’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے امیدوار وکرم سنگھ سینی جب اپنے حقہ انتخاب کے گاؤں منورپور میں پہنچے تو وہاں کے باشندگان نے نہ صرف ان کی مخالفت کی بلکہ انہیں وہاں سے کھدیڑ کر بھی بھگا دیا۔ وکرم سینی بدھ کے روز اپنی برادری کے لوگوں کے درمیان ایک اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچے تھے لیکن وہاں دیہاتی مشتعل ہو گئے اور ان کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔
اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں وکرم سینی گاڑی میں بیٹھ کر لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑتے نظر آ رہے ہیں۔ اس واقعہ پر انہوں نے کہا کہ وہ منورپور گاؤں میں سینی سماج کے ایک اجلاس میں شرکت کے لئے گئے تھے۔
ویڈیو میں ہجوم مشتعل نظر آ رہا ہے اور بار بار یہ جملہ دوہرا رہا ہے ’ذرا اس مرتبہ ایم ایل اے بن کر دکھا دو!‘ ویڈیو میں دیہاتی وکرم سینی کا محاصرہ بھی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، جس کے بعد ان کے محافظ انہیں نکال کر گاڑی تک لے جاتے ہیں اور اس کے بعد وکرم سینی وہاں سے چلے جاتے ہیں۔
واقعہ پر سینی نے کہا ’’وہاں دو لڑکے تھے، جنہوں نے شراب پی ہوئی تھی اور صرف وہ ہی مخالفت کر رہے تھے۔ اس سے پہلے بھی وہ اتحاد کے امیدواری راجپال سینی کے ساتھ تھے اور اب بھی ہیں۔ صرف دو لوگوں نے میری مخالفت کی اور باقی گاؤں میرے ساتھ ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔