جھارکھنڈ میں ڈائن قرار دے کر ایک اور خاتون کا قتل، ملزم بھتیجا گرفتار

اس واقعہ پر پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ ڈائن کے نام پر توہم پرستی کے بجائے باہمی تنازعہ بھی ہو سکتا ہے۔

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

رانچی: جھارکھنڈ میں ڈائن کے نام پر زد و کوب کئے جانے اور قتل کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ رانچی ضلع کے تماڑ علاقہ میں منگل کے روز ایک 55 سالہ خاتون کو ڈائن قرار دے کر اس کے بھتیجے نے ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ باریڈیہہ گاؤں میں پیش آنے والے اس واقعہ میں خاتون کو دھاردار ہتھیار سے کاٹ دیا گیا۔ ملزم جے سانسی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

قبل ازیں، 4 ستمبر کو رانچی ضلع کے ہی سوناہاتو گاؤں میں تین خواتین کو ڈائن قرار دے کر زد و کوب کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 24 ستمبر کو دُمکا میں بھی تین خواتین سمیت 4 افراد کو اسی طرح کے شبہ میں بری طرح و زد و کوب کیا تھا یہاں تک کہ انہیں پیشاب اور غلاظت کھانے پر بھی مجبور کیا گیا تھا۔


تماڑ تھانہ علاقہ کے باریڈیہہ گاؤں میں انجام دی گئی واردات کے سلسلہ میں بتایا گیا کہ پورن سانسی کی 55 سالہ بیوی سرلا دیوی صبح کے وقت اپنے کھیت میں گوبر ڈالنے گئی تھی، راستہ میں گھات لگا کر بیٹھے اس کے بھتیجے جے دیو سانسی نے دھاردار ہتھیار سے اس پر حملہ کر دیا۔ خاتون نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ جب خاتون کے شوہر نے اسے بچانے کی کوشش کی تو بھتیجے نے اس پر بھی حملہ کر دیا۔ پورن نے شور مچاتے ہوئے خود کو بچایا۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے ملزم بھتیجے کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا۔

تاہم اس واقعہ پر پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ ڈائن کے نام پر توہم پرستی کے بجائے باہمی تنازعہ بھی ہو سکتا ہے۔ بونڈو ڈی ایس پی اجے کمار نے بتایا کہ پولیس تحقیقات میں اس امر کا انکشاف ہوا ہے دونوں کنبوں میں اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ ادھر، دُمکا میں گزشتہ ہفتہ تین خواتین سمیت چار افراد کو پیشاب اور غلاظت کھلانے کے معاملہ میں تمام 6 افراد کو پولیس نے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔