جموں وکشمیر میں کورونا میں مبتلا مزید 2 مریضوں کی موت، کل تعداد 90 ہوئی

ان دو مریضوں کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی تعداد 90 ہوگئی ہے جن میں سے 79 کا تعلق وادی کشمیر سے ہے جبکہ 11 جموں کے باشندے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر میں کورونا سے متاثرہ مزید دو مریضوں کی موت واقع ہونے کے ساتھ اس یونین ٹریٹری میں کورونا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 90 ہوگئی ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر دارا سنگھ نے ایک مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پانچ روز قبل سانبہ کے ایک کورنٹائن سینٹر سے ایک 57 سالہ شخص کو یہاں لایا گیا تھا جس کی یہاں موت واقع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ متوفی شخص ذیابیطس کے علاوہ گردوں کے عارضے میں بھی مبتلا تھا۔

قبل ازیں ضلع سری نگر کے مہجور نگر سے تعلق رکھنے والے ایک معمر مریض کا موت کے تین روز بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے بتایا کہ مہجور نگر سری نگر سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ مریض کو یہاں 22 جون کو لایا گیا تھا اور اسی روز اس کا کورونا ٹیسٹ کے لئے نمونہ لیا گیا تھا جس کی رپورٹ جمعرات کے روز مثبت آئی ہے۔ دریں اثنا ان دو مریضوں کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی تعداد 90 ہوگئی ہے جن میں سے 79 کا تعلق وادی کشمیر سے ہے جبکہ 11 جموں کے باشندے ہیں۔


وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ 22 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 13 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔ ضلع کولگام میں گیارہ، شوپیاں میں دس، اننت ناگ میں سات، بڈگام میں چھ، کپوارہ میں پانچ، پلوامہ میں چار اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Jun 2020, 4:40 PM