جموں وکشمیر میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات، سب بڑی تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد

جموں و کشمیر میں جمعرات کے روز عیدالالضحیٰ کی تقریب سعید انتہائی مذہبی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر</p></div>

تصویر ٹوئٹر

user

قومی آواز بیورو

سری نگر: جموں و کشمیر میں جمعرات کے روز عیدالالضحیٰ کی تقریب سعید انتہائی مذہبی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ وادی کشمیر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق عید الالضحٰی کے سلسلے میں وادی کے طول وعرض کی مساجد، عیدگاہوں اور امام بارگاہوں میں عیدین کی دوگانہ نماز کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ عیدالالضحٰی کے ان روح پرور اجتماعات میں وادی میں مکمل امن وامان کی بحالی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

<div class="paragraphs"><p>یو این آئی</p></div>

یو این آئی

SF

وادی کشمیر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شہر آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ وادی میں نماز عیدین کے اجتماعات میں خطباءوعلمائے کرام نے عید الالضحٰی کی اہمیت، فضیلت اور فضائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انجمن نے تاریخی عید گاہ سری نگر میں عید الاضحی کی نماز 9 بجے ادا کرنے کا باضابطہ اعلان مشتہر کیا تھا لیکن بدقسمتی سے انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی۔


سٹی رپورٹر کے مطابق تاریخی عید گاہ کو چھوڑ کر شہر کے زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ پیران پیر حضرت شیخ سعید عبدالقادر جیلانی (رح) کے آستانہ عالیہ واقع خانیار اور سرائے بالا بھی میں عید لا الضحیٰ کے موقع پر نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ نامہ نگار نے بتایا کہ زیارت حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدومی (رح) واقع کوہ ماران سری نگر اور خانقاہ معلیٰ میں بھی فرزندان توحید کی ایک بڑی تعداد نے نماز عید ادا کرنے کے بعد وادی کے امن و آشتی کے لئے دعا کی۔

زیارت شریف نقشبند صاحب (رح) خواجہ بازار نوہٹہ میں بھی عید الالضحیٰ کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز عید میں شرکت کی۔ آثار شریف شہری کلاشپورہ، جناب صاحب صورہ اور سری نگر کے مضافاتی علاقوں میں بھی نمازعید کے بڑے بڑے اجتماعات میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بعض دیہی و دور دراز علاقوں میں بھی نماز فجر کے بعد نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔


نامہ نگار نے بتایا کہ شمالی، جنوبی اور وسطی کشمیر میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ وسطی ضلع بڈگام سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ زیارت علمدار کشمیر(رح) چرار شریف میں نماز عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوا جس میں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے شرکت کی۔ اسی طرح کا اجتماع زیارت حضرت سلطان علی عالی بلخی(رح)پکھر پورہ میں بھی منعقد ہوا۔

جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام میں بھی عید گاہوں میں لوگوں کی بھاری تعداد نے نماز عید ادا کی جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ شمالی کشمیر سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ بارہ مولہ، سوپور، کپواڑہ، ہندواڑہ، پٹن، نائد کھائی، سمبل سونہ واری، حاجن، بانڈی پورہ میں بھی جمعرات کے روز نماز عید کی تقریبات میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لوگوں کو عید الالضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس تہوار جموں وکشمیر میں امن، ترقی، خوشحالی اور خوشیوں کا نوید لیکر آئے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔