مدھیہ پردیش کے گنا میں یوریا کے لیے گھنٹوں قطار لگانے پر مجبور کسان آپس میں ہی لڑ پڑے

مدھیہ پردیش کے گنا میں گھنٹوں قطار میں کھڑے ہونے کے باوجود کسانوں کو جب ضرورت کے مطابق یوریا نہیں ملا تو وہ آپس میں ہی بھڑ گئے اور ایک دوسرے کو لات گھونسے مارنے لگے۔

کسان، تصویر یو این آئی
کسان، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ایک جانب مرکزی حکومت کی جانب سے کسانوں کو سمان ندھی کے طور پیسے دیئے جا رہے ہیں تو دوسری جانب وہ اپنی زراعتی ضرورت کے لیے بیج اور کھادیں مناسب مقدار میں حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔ اس کا ایک تازہ نظارہ مدھیہ پردیش کے گنا میں نظر آیا جب یوریا حاصل کرنے کے لیے گھنٹوں سے قطار میں کھڑے کسان پریشان ہو کر آپس میں ہی لڑ پڑے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی خبر مطابق مدھیہ پردیش کے گنا میں کھاد کی قلت نے سنگین صورت حال اختیار کرلی ہے۔ کسان کھاد کے حصول کے لیے گھنٹوں لمبی قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔ کھاد خریدنے کے لئے ’نان کھیڑی کرشی منڈی‘ پہنچے کسان آپس میں ہی لڑ پڑے۔ یوریا کے لیے گھنٹوں قطار میں کھڑے کسانوں نے اپنا کنٹرول کھودیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ ایک دوسرے سے بھڑ گئے۔ اس ہنگامے میں خواتین بھی کود پڑیں۔


گنا میں ڈی اے پی یوریا کے خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے سے کسانوں میں زبردست ناراضگی ہے۔ ایک کسان کو صرف 5 بوری یوریا دیا جا رہا ہے۔ یوریا کی ناکافی مقدار کی وجہ سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ضرورت کے مطابق یوریا نہ ملنے کی وجہ سے کسان یہ بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں سے خریدنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کی جانب سے ڈی اے پی یوریا کی فی بوری کی قیمت 1340 روپئے طے کی گئی ہے جبکہ بلیک مارکیٹ میں اس کی قیمت 1700 سے 2000 روپئے فی بوری ہے۔

گھنٹوں قطار میں کھڑے ہونے کے باوجود ضرورت کے مطابق یوریا نہ ملنے پر ناراض کسانوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر (فارم) اشوک اپادھیائے کے خلاف زبردست ناراضگی ہے۔کھاد کے لیے کسانوں کے درمیان لڑائیاں ہو رہی ہی اور محکمہ زراعت کے پاس کھاد کی قلت دور کرنے کے تعلق سے کوئی جواب نہیں ہے۔گنا کے کلکٹر ستیندر سنگھ نے کہا کہ ضلع میں کھاد کا مناسب انتظام ہے۔ کھاد کی ریک بھی آ رہی ہے۔ کسانوں کو ’ڈی اے پی‘ کے بجائے ’این پی کے‘ کا بھی استعمال کرنا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔