غازی آباد میں سگریٹ کے پیسے مانگنے پر بی جے پی کونسلر نے دوکان ہی توڑ دی، شوہر اور بیوی کو بھی پیٹا
دوکاندار نے کونسلر صاحب سے سگریٹ کے پیسے مانگ لیے جس پر وہ سخت ناراض ہو گئے اور غصے میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نہ صرف دوکان توڑ دی بلکہ دوکان چلانے والے شوہر اور بیوی کی بھی پٹائی کر دی۔
غازی آباد کے صاحب آباد تھانہ علاقے کے موہن نگر چوک کے قریب کل رات بی جے پی کے ایک کونسلر نے ایک دوکان چلانے والے شوہر اور بیوی کو بری طرح پیٹ دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس دوکاندار نے کونسلر صاحب سے سگریٹ کے پیسے مانگ لیے تھے جس پر وہ سخت ناراض ہو گئے اور غصے میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نہ صرف دوکان توڑ دی بلکہ دوکان چلانے والے شوہر اور بیوی کو بھی بری طرح سے پیٹ دیا۔
دوکان چلانے والوں نے پولیس کے پاس تحریری طور پر اس واقعے کی شکایت کی ہے۔ جس کے بعد پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق 20 مئی کو موہن نگر ہلکا علاقہ کے تھانہ صاحب آباد کے ایک اسٹال چلانے والے کی بیوی سیتا نے تھانے میں تحریری شکایت دی کہ اس علاقہ کے کونسلر سدھیر اور اس کے دیگر ساتھیوں نے پیسوں کے لین دین کے معاملے میں اس کو اور اس کے شوہر کو مارا ہے۔
سیتا کے مطابق کونسلر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسٹال کو بھی توڑ دیا اور اس سے کچھ رقم اور زیورات وغیرہ چھین لیے۔ پولیس نے اس خاتون کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مرکزی ملزم سدھیر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔